
آئی اے این ایس
نئی دہلی: مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے اثرات ہندوستان کے فضائی سفر پر بھی واضح طور پر دیکھنے کو ملے ہیں، جہاں اپریل کے مہینے میں مسافروں کی تعداد میں نمایاں کمی درج کی گئی۔ شہری ہوابازی کی وزارت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق مارچ کے مقابلے میں اپریل میں گھریلو اور بین الاقوامی دونوں سطحوں پر ہوائی آمد و رفت میں کمی آئی ہے، جس کی بڑی وجہ مغربی ایشیا میں پیدا شدہ غیر یقینی صورتحال رہی۔
Published: undefined
اعداد و شمار کے مطابق اپریل میں گھریلو ہوائی سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد تقریباً 140.8 لاکھ رہی، جو سالانہ اور ماہانہ بنیاد پر قریب 4 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔ دوسری جانب بین الاقوامی پروازوں میں اس سے بھی زیادہ گراوٹ دیکھی گئی، جہاں مسافروں کی تعداد کم ہو کر 28.3 لاکھ رہ گئی، جو مارچ کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد کم ہے۔
ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازعات اور فضائی حدود پر عائد پابندیوں کے سبب کئی اہم بین الاقوامی راستے متاثر ہوئے، جس کے نتیجے میں پروازوں کی تعداد گھٹ گئی اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ خاص طور پر وہ راستے جو خلیجی ممالک کے ذریعے ہندوستان کو دیگر ممالک سے جوڑتے ہیں، شدید متاثر ہوئے۔
Published: undefined
تاہم صورتحال میں اب کچھ بہتری کے آثار نظر آنے لگے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حال ہی میں اعلان کیا کہ وہاں کی فضائی حدود میں پروازوں کی آمد و رفت مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے اور عارضی پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔ اس پیش رفت کے بعد ہندوستانی اور اماراتی ہوائی کمپنیوں نے ہندوستان کے مختلف شہروں کے لیے پروازوں کی تعداد بڑھانا شروع کر دی ہے۔
اسی طرح سعودی عرب اور عمان کے ہوائی اڈوں سے ہندوستان کے لیے پروازیں بدستور جاری ہیں، جبکہ قطر کی فضائی حدود جزوی طور پر کھلنے کے بعد وہاں سے بھی محدود پیمانے پر پروازیں چل رہی ہیں۔ کویت اور بحرین کی فضائی حدود مکمل طور پر فعال ہیں اور وہاں سے متعدد ہوائی خدمات ہندوستان کے لیے دستیاب ہیں۔
Published: undefined
ادھر، عراق اور ایران میں فضائی سرگرمیاں ابھی مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکیں۔ عراق میں محدود پروازیں جاری ہیں، جبکہ ایران میں صرف کارگو اور چارٹرڈ پروازوں کو اجازت دی گئی ہے۔ حکومتِ ہند نے شہریوں کو ایران کے سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے اور وہاں موجود ہندوستانیوں کو زمینی راستوں کے ذریعے محفوظ واپسی کی ہدایت دی گئی ہے۔ تہران میں موجود ہندوستانی سفارتخانے نے اب تک 2500 سے زائد شہریوں کو نکالنے میں مدد فراہم کی ہے۔
اسرائیل میں بھی فضائی خدمات محدود پیمانے پر بحال ہو رہی ہیں، جس سے علاقائی رابطے دوبارہ قائم ہونے لگے ہیں۔ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو اگرچہ اپریل میں ہوائی سفر میں کمی آئی، مگر موجودہ صورتحال بتاتی ہے کہ آنے والے مہینوں میں ہوائی آمد و رفت معمول پر آنے کی امید کی جا سکتی ہے۔
Published: undefined
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined