
نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے لکھنؤ کے علی گنج علاقے میں ایک کوچنگ سینٹر میں پیش آئے المناک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دل دہلا دینے والے سانحے نے پورے ملک کو غم زدہ کر دیا ہے اور انہیں یہ خبر سن کر شدید صدمہ پہنچا۔
Published: undefined
مولانا محمود اسعد مدنی نے اپنے بیان میں کہا کہ جاں بحق ہونے والوں میں بڑی تعداد ایسے بچوں اور طلبہ کی تھی جو ٹیوشن کلاس میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کا اس طرح اچانک دنیا سے رخصت ہو جانا انتہائی افسوس ناک اور دردناک واقعہ ہے، جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور دعاگو ہیں کہ مرحومین کی روح کو سکون پہنچے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی نصیب ہو۔
Published: undefined
انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیر جانب دارانہ اور جامع تحقیقات کرائی جائیں اور اگر کسی بھی سطح پر غفلت یا کوتاہی سامنے آئے تو ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ اور ہر ممکن سرکاری امداد فراہم کی جائے تاکہ ان کے غم و مصیبت میں کسی حد تک کمی لائی جا سکے۔
ادھر کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی کے ٹراما سینٹر کے طبی نگران ڈاکٹر امیا اگروال نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ 21-22 بچوں کو اسپتال لایا گیا تھا، جن میں سے 15 بچے مردہ حالت میں تھے، جبکہ 5 زخمی بچوں کو علاج کے لیے داخل کیا گیا ہے۔ دو بچوں کو عمارت سے چھلانگ لگانے کے باعث کمر میں چوٹیں آئی ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متوفیوں کی قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاشوں کو مردہ خانے منتقل کیا جا رہا ہے۔
Published: undefined
اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک نے واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا اعلان کیا ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جائے حادثہ کا دورہ کرکے امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا اور جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ آگ بجھانے والے عملے نے تلاش اور بچاؤ کی کارروائی مکمل کر لی ہے۔
اس سانحے پر قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined