تصویر سوشل میڈیا
پٹنہ اور بہار کے مختلف اضلاع میں جاری ووٹر لسٹ کے سلسلے میں سنگین بے ضابطگیوں کے انکشافات نے سیاسی ماحول کو گرما دیا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق، کچھ مخصوص پتوں پر سینکڑوں ووٹروں کے نام درج ہیں، جس پر کانگریس نے بی جے پی اور الیکشن کمیشن دونوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
Published: undefined
موصولہ معلومات کے مطابق، مظفرپور کے بھگوان پور اسمبلی حلقہ کے بوتھ نمبر 370 میں مکان نمبر 27 پر ہی 269 افراد کا نام ووٹر لسٹ میں درج ہے۔ حیرت انگیز طور پر ان ووٹروں میں مختلف ذات اور مذاہب کے لوگ شامل ہیں، اور ایک مسلمان ووٹر کا بھی نام اس فہرست میں موجود ہے۔ بوتھ کا پتہ ’یوسکیم مڈل اسکول، بھگوت پور، جنوبی بھاگ‘ درج ہے۔ اس کے علاوہ اسی ضلع کے ایک اور علاقے میں بوتھ نمبر 370 میں کل ووٹروں کی تعداد 629 ہے جن میں 337 مرد اور 292 خواتین شامل ہیں۔ ان میں سے 269 ووٹ صرف مکان نمبر 27 پر درج ہیں، جو کل ووٹروں کا 43 فیصد بنتے ہیں۔
Published: undefined
اسی طرز کی بے ضابطگیاں جموئی ضلع میں بھی سامنے آئی ہیں۔ یہاں اسمبلی حلقہ کے بوتھ نمبر 86 میں مکان نمبر 3 پر 247 ووٹروں کے نام درج ہیں۔ اس بوتھ میں کل ووٹروں کی تعداد 618 ہے، جن میں 341 مرد اور 277 خواتین شامل ہیں۔ ان 247 ووٹروں میں سے 148 مرد اور 99 خواتین ہیں۔ مزید حیرت کی بات یہ ہے کہ اس مکان میں رہنے والی ایک ہی خاتون کا نام تین مختلف مقامات پر درج ہے، اور ان کے شوہر اور والد کے نام بھی الگ الگ طریقے سے لکھے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے اس معاملے کی جانچ کا اعلان کیا ہے۔ مظفرپور کے ڈی ایم نے کہا کہ بوتھ نمبر 370 میں مکان نمبر 27 پر اتنے ووٹ درج ہونا غیر معمولی ہے، اور اس کی مکمل تفتیش کی جائے گی۔ اسی طرح جموئی کے ڈی ایم نے بھی کہا کہ مکان نمبر 3 میں 247 ووٹ درج ہونے کا معاملہ پہلے سے علم میں ہے اور اگر کسی سے متعلق درخواست موصول ہوئی تو اسے درست کیا جائے گا۔
Published: undefined
کانگریس نے ان انکشافات کو جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ یہ ووٹ چوری کی کھلی مثال ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ بی جے پی اور الیکشن کمیشن ملی بھگت سے انتخابی عمل کو متاثر کر رہے ہیں۔ کانگریس کے مطابق، یہ معاملہ حالیہ ووٹر لسٹ کی تیاری کے دوران سامنے آیا، جس میں پرانی گڑبڑیاں دور کرنے کے بجائے مزید نقائص شامل ہو گئے۔
کانگریس نے الزام لگایا کہ بہار میں ایس آئی آر کے بعد تیار کی گئی نئی ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر فرضی ووٹ شامل کیے گئے ہیں۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن اس پر فوری کارروائی کرے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت قدم اٹھائے۔ کانگریس رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اس حوالے سے ٹھوس ثبوت موجود ہیں، جنہیں جلد عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined