قومی خبریں

’یو کے ایس ایس ایس سی‘ پیپر لیک معاملے میں ای ڈی کی بڑی کارروائی، ملزم ہاکم سنگھ راوت کی جائیداد ضبط

ای ڈی کے دہرادون سب زونل دفتر نے ’انسدادِ منی لانڈرنگ قانون ‘ نے 2002 کے تحت ملزم ہاکم سنگھ راوت کی 63.30  لاکھ روپے مالیت کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔

ای ڈی، تصویر آئی اے این ایس
ای ڈی، تصویر آئی اے این ایس 

اتراکھنڈ ماتحت سروسز سلیکشن کمیشن (یو کے ایس ایس ایس سی) پیپر لیک گھپلے میں ای ڈی نے بڑی کارروائی کی ہے۔ ای ڈی کے دہرادون سب زونل دفتر نے انسدادِ منی لانڈرنگ قانون (پی ایم ایل اے)، 2002 کے تحت ملزم ہاکم سنگھ راوت کی 63.30  لاکھ روپے مالیت کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔ ای ڈی نے یہ جانچ رائے پور پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر اور ویجلنس سیکٹر میں درج ایف آئی آر کی بنیاد پر شروع کی تھیں۔ یہ معاملہ سال 2021  کے پوسٹ گریجویٹ سطح (وی ڈی او/ وی پی ڈی او) کے امتحان کے پیپر لیک اور2016  کے وی ڈی او/ وی پی ڈی او  امتحان میں ہونے والی بے ضابطگیوں سے متعلق ہے۔

تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ہاکم سنگھ راوت امتحان منعقد کرانے والی پرنٹنگ ایجنسی ایم/  ایس، آر ایم ایس ’ٹیکنو سولیوشنز پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کے ملازمین سرکاری اہلکاروں اور دلالوں نے مل کر ایک گروہ تشکیل دیا تھا۔ اس گروہ نے خفیہ سوالیہ پیپر لیک کیے اور امیدواروں سے بھاری رقم وصول کی۔ ای ڈی کی تحقیقات میں سامنے آیا کہ ہاکم سنگھ راوت نے امیدواروں سے تقریباً 95  لاکھ روپے وصول کیے تھے۔ اس غیر قانونی آمدنی کو جائز ظاہر کرنے کے لیے اس کے بینک کھاتوں میں کافی زیادہ نقد رقم جمع کرائی گئی۔ انکم ٹیکس ریٹرن (آئی ٹی آر) کی جانچ سے معلوم ہوا کہ اس نے زرعی آمدنی ظاہر کرکے اس رقم کو قانونی ثابت کرنے کی کوشش کی، جو اس کی حقیقی زرعی سرگرمیوں سے مطابقت نہیں رکھتی تھی۔

امتحانات کے دوران حاصل کی گئی اس غیر قانونی کمائی سے اس نے منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں خریدی تھیں، جسے اب ای ڈی نے ضبط کر لیا ہے۔ اتراکھنڈ پولیس کی ایس آئی ٹی کی چارج شیٹ اور 14 مقامات پر کی گئی چھاپے ماری اور بینک کھاتوں کی جانچ سے ہاکم سنگھ راوت کا کردار ثابت ہوا ہے۔ چھاپوں کے دوران ڈیجیٹل آلات، جائیداد کے دستاویزات اور نقد رقم برآمد ہوئی تھی۔ ای ڈی اس سے قبل دہرادون کی خصوصی پی ایم ایل اے عدالت میں آر ایم ایس ٹیکنو سولیوشنز  کے ملازمین، دلالوں اور متعلقہ افسران کے خلاف استغاثہ کی شکایت بھی دائر کرا چکی ہے۔ سال 2016  اور 2021  تقرری کے امتحانات میں  او ایم آر  شیٹس میں چھیڑ چھاڑ اور پیپر لیک کے ذریعے بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی تھی، جس سے اہل امیدواروں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا تھا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔