
فائل تصویر آئی اے این ایس
ہندوستان میں ڈینگو سے ہر برس تقریباً 200 سے 400 افراد کی موت ہوتی ہے۔ ایسے میں اس بیماری سے لڑنے کے لیے جلد ہی ملک میں اس کی ویکسین دستیاب ہوگی۔ اسی ماہ ڈاکٹر ریڈیز لیبارٹریز (حیدرآباد) اور جاپانی کمپنی ٹیکڈا فارماسیوٹیکلز کے درمیان معاہدہ ہوا ہے۔ اس معاہدے کے مطابق ٹیکڈا کی ’کیوڈینگا‘ نامی اینٹی ڈینگی ویکسین ہندوستان کی پہلی ڈینگو ویکسین ہوگی۔ حیدرآباد کی ڈاکٹر ریڈیز لیبارٹریز بچوں اور بالغوں کی ویکسینیشن کے لیے ہندوستان کی نجی مارکیٹ میں ٹیکڈا فارماسیوٹیکلز کی ہندوستان کی پہلی اینٹی ڈینگو ویکسین کی تشہیر اور تقسیم کرے گی۔ کمپنیوں کے مطابق ٹیکڈا کی ویکسین۔کیوڈینگا۔ 2027 کے ابتدائی 6 ماہ میں ہندوستان میں لانچ ہو سکتی ہے۔ اس ویکسین کی قیمت کیا ہوگی، اس کے متعلق فی الحال کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔
ٹیکڈا کے انٹرکانٹینینٹل مارکیٹس کے سربراہ مہندر نائک نے کہا کہ مارکیٹنگ آتھرائزیشن کی منظوری جولائی میں ہی ملی ہے۔ اس لیے ابھی سب سے ضروری کام کمرشل ڈسٹری بیوشن شروع ہونے سے پہلے ضروری مقامی عمل کو مکمل کرنا ہے۔ باقی مقامی عمل مکمل ہونے سے پہلے قیمت کے بارے میں اندازہ لگانا جلد بازی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس تعاون کے ذریعے ٹیکڈا اور ڈاکٹر ریڈیز، نافذ ریگولیٹری ضروریات کے مطابق بچوں اور بالغوں کی ویکسینیشن کے لیے ہندوستان کی نجی مارکیٹ میں کیوڈینگا کی تشہیر اور تقسیم، بیماری کے بارے میں بیداری اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کے ساتھ رابطے میں مدد کریں گے۔
حالانکہ ہندوستان کے پبلک امیونائزیشن پروگرام میں اسے شامل کرنا ایک اہم طویل مدتی ہدف ہے، لیکن ڈاکٹر ریڈیز کے ذریعے نجی مارکیٹ میں اس کی دستیابی سے اہل افراد کو ویکسین ملنے کی راہ کھلے گی۔ آگے کی اطلاع مناسب وقت پر دی جائیں گی۔ ہندوستان میں ڈینگو ایک بڑا اور بدلتا ہوا پبلک ہیلتھ چیلنج بنا ہوا ہے۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کی وائرس ریسرچ اینڈ ڈائیگناسٹک لیبارٹری کی جانب سے کی گئی ملک گیر ڈینگو سرویلنس اسٹڈی کے مطابق ہندوستان کے کئی علاقوں میں ڈینگو وائرس کے چاروں سیرو ٹائپ (ڈی ای این وی-1 سے ڈی ای این وی-4) ایک ساتھ پھیل رہے ہیں اور ہر 14 میں سے ایک مریض ایک ہی وقت میں ڈینگو کے کئی سیرو ٹائپ سے متاثر پایا جا رہا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔