
آئی ایل-76 ایم ڈی، تصویر ’ایکس‘ @IAF_MCC
ہندوستانی فضائیہ (انڈین ایئر فورس) نے لداخ میں چین کی سرحد کے قریب ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دنیا میں پہلی مرتبہ اپنے بھاری مال بردار طیارے ’آئی ایل 76 ایم ڈی‘ (IL-76MD) کو 13,629 فٹ کی بلندی پر واقع نیوما ہوائی پٹی پر کامیابی کے ساتھ اتارا ہے۔ اسے فضائیہ کی ایک غیر معمولی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ دنیا میں اس سے پہلے اتنی زیادہ بلندی پر اس قسم کے بھاری طیارے کی لینڈنگ کی مثال سامنے نہیں آئی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہندوستان نے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
لداخ کے مشرقی حصے میں واقع نیوما ہوائی پٹی چین کے ساتھ لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے انتہائی قریب ہے۔ اس لیے اس مقام پر بھاری مال بردار طیارے کی کامیاب لینڈنگ کو ہندوستان کی دفاعی صلاحیت اور فوجی تیاری کے اعتبار سے نہایت اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔ اس سے نہ صرف فضائیہ کی آپریشنل صلاحیت میں اضافہ ہوگا بلکہ سرحدی علاقوں میں تعینات فوجی دستوں تک بھاری سازوسامان اور ضروری وسائل پہنچانا بھی آسان ہو جائے گا۔
’آئی ایل 76 ایم ڈی‘ ہندوستانی فضائیہ کے سب سے بڑے اور بھاری مال بردار طیاروں میں شمار ہوتا ہے۔ اس طیارے کے ذریعہ بھاری ٹینکوں، بڑی توپوں، فوجی گاڑیوں، ہتھیاروں اور فوجی دستوں کو کم وقت میں سرحد کے قریب پہنچایا جا سکتا ہے۔ اس طرح جنگ یا کسی ہنگامی صورت حال میں فوج کو فوری کمک فراہم کرنے اور دفاعی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔
اس کامیابی کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ 13,629 فٹ کی بلندی پر فضائی دباؤ کم ہونے کے باعث ہوا معمول کے مقابلے میں کافی پتلی ہوتی ہے۔ ایسے حالات میں بھاری طیارے کو اڑانا، اس کی رفتار اور توازن برقرار رکھنا اور محفوظ طریقے سے اتارنا انتہائی مشکل کام ہوتا ہے۔ تاہم ہندوستانی فضائیہ کے عملہ نے غیر معمولی مہارت، بہترین پیشہ ورانہ صلاحیت اور درست حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس مشکل آپریشن کو کامیابی سے مکمل کیا۔
قابل ذکر ہے کہ مشرقی لداخ میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول کے قریب واقع نیوما ہندوستان کے اہم ترین اگلے محاذ کے ہوائی اڈوں میں شامل ہے۔ ہمالیہ کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں واقع یہ فضائی اڈہ فوجی کارروائیوں میں مدد فراہم کرنے، ضروری سامان پہنچانے اور اگلے مورچوں پر تعینات فوجی دستوں کے ساتھ رسدی رابطہ برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ بھاری مال بردار طیارے کی یہاں لینڈنگ سے اس فضائی اڈے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے اور سرحدی علاقوں میں ہندوستان کی فوجی رسد کی صلاحیت کو نئی تقویت ملی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔