قومی خبریں

مہندر سنگھ دھونی نے آئی پی ایل کو کہا الوداع، لیکن چنئی سپر کنگز سے رشتہ برقرار!

سی ایس کے نے کہا کہ ’’مہندر سنگھ دھونی ایک ایسا نام ہے جو صدی میں ایک بار پیدا ہوتا ہے۔ اب نئی ذمہ داری کے ساتھ ایک ایسا رشتہ بنا ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا۔ تھالا ہمیشہ ہماری شناخت کا حصہ رہیں گے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>مہندر سنگھ دھونی، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/ChennaiIPL">@ChennaiIPL</a></p></div>

مہندر سنگھ دھونی، تصویر @ChennaiIPL

 

ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے ریٹائرمنٹ لے لیا ہے۔ وہ اب چنئی سپر کنگز کے مینٹر کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔ چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) نے ایم ایس دھونی کو مینٹر بنانے اور آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ لینے کے متعلق اطلاع دی ہے۔ دراصل آج آئی پی ایل کی تمام ٹیموں کو اپنے ریٹین اور ریلیز کیے جانے والے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کرنی تھی۔ سی ایس کے نے ریٹینشن لسٹ جاری کرنے سے قبل ایم ایس دھونی کے ریٹائر ہونے اور ٹیم کا مینٹر بنائے جانے کا اعلان کر کرکٹ شائقین کو حیرت میں ڈال دیا۔

واضح رہے کہ مہندر سنگھ دھونی آئی پی ایل 2026 میں ایک بھی میچ نہیں کھیلے تھے، لیکن وہ ٹیم کے ساتھ میدان پر آتے تھے اور شائقین ان کی ایک جھلک پانے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں اسٹیڈیم پہنچتے تھے۔ اب انہوں نے بغیر الوداعی میچ کھیلے ہی آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ لے لیا ہے، لیکن انہوں نے چنئی کا ساتھ نہیں چھوڑا ہے۔ آئی پی ایل 2027 میں وہ مینٹر کے کردار میں نظر آئیں گے۔

سی ایس کے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ سی ایس کے نے کہا کہ ’’مہندر سنگھ دھونی ایک ایسا نام ہے جو صدی میں ایک بار پیدا ہوتا ہے۔ اب نئی ذمہ داری کے ساتھ ایک ایسا رشتہ بنا ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا۔ مہندر سنگھ دھونی نے چنئی سپر کنگز کے ٹیم مینٹر کی ذمہ داری سنبھال لی ہے!‘‘ فرنچائز نے مزید لکھا کہ ’’ان گنت فتوحات، مشکل وقت اور ہمیشہ دلوں میں بس جانے والی یادوں کے درمیان ایم ایس دھونی شروع سے ہی ہمارے سفر کا اہم حصہ رہے ہیں۔ ہمیں کامیابی کی بلندیوں تک پہنچانے سے لے کر سپر کنگز کی نئی نسل کی رہنمائی کرنے تک، تھالا ہمیشہ ہماری شناخت کا حصہ رہیں گے۔ اور چنئی ہمیشہ ان کا گھر رہے گا۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ ایم ایس دھونی کی کپتانی میں چنئی سپر کنگز نے 5 آئی پی ایل خطاب جیتے۔ انہوں نے 2023 میں کپتان کے طور پر آخری ٹرافی جیتی تھی۔ اس کے بعد دھونی نے کپتانی رتوراج گائیکواڈ کو سونپ دی۔ دھونی ہمیشہ چنئی کے ساتھ ہی رہے۔ جب چنئی پر 2 سال کے لیے آئی پی ایل کی جانب سے پابندی عائد کی گئی تھی تب وہ رائزنگ پونے سپر جائنٹس کی جانب سے کھیلے تھے۔ دھونی کے آئی پی ایل کیریئر کی بات کریں تو انہوں نے 278 میچوں کی 242 اننگز میں 5439 رنز بنائے۔ اس دوران ان کی بلے بازی اوسط 38.3 اور اسٹرائک ریٹ 137.45 رہا۔ دھونی نے 24 نصف سنچریاں بنائیں، ان کا نمایاں اسکور 84 رنز رہا۔ ان کے بلے سے 375 چوکے اور 264 چھکے نکلے۔ وکٹ کیپر کے طور پر 158 کیچ لپکے اور 47 بلے بازوں کو اسٹمپ آؤٹ کیا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔