قومی خبریں

مہاراشٹر سیاسی ہلچل LIVE: ایڈووکیٹ جنرل کی گورنر کوشیاری سے ملاقات، صدر راج کی قیاس آرائیاں تیز

مہاراشٹر بی جے پی کے سینئر لیڈروں پر مشتمل ایک وفد آج گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کرنے والا ہے۔ اس وفد کی قیادت پارٹی کے ریاستی صدر چندرکانت پاٹل کریں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

مہاراشٹر کے ایڈووکیٹ جنرل گورنر سے ملاقات کے لیے پہنچے، صدر راج کی قیاس آرائیاں تیز

مہاراشٹر مین جاری سیاسی ہنگامے کے درمیان صدر راج کی قیاس آرائیاں بھی تیز ہو رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ممبئی میں مہاراشٹر کے ایڈووکیٹ جنرل آشوتوش کمبھ کونی گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملنے راج بھون پہنچے ہیں۔ چونکہ مہاراشٹر اسمبلی کی مدت کار 9 نومبر کو ختم ہو رہی ہے، اس لیے ایڈووکیٹ جنرل اور گورنر کی ملاقات کو انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔

Published: 07 Nov 2019, 9:06 AM IST

بی جے پی مہاراشٹر میں صدر راج تھوپنا چاہتی ہے: شیو سینا

ممبئی میں بی جے پی نمائندہ وفد کے ذریعہ گورنر سے ملاقات کے بعد شیوسینا نے بی جے پی پر بڑا حملہ کیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیو سینا لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ ’’مہاراشٹر مین اس وقت بی جے پی سب سے بڑی پارٹی ہے، لیکن وہ حکومت بنانے کا دعویٰ پیش نہیں کر رہی ہے۔ اس کا مطلب صاف ہے کہ وہ اکثریت حاصل نہیں کر پا رہی ہے۔ بی جے پی مہاراشٹر پر زبردستی صدر راج تھوپنا چاہتی ہے۔ یہ ریاستی عوام کی بے عزتی ہے۔‘‘ راؤت نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی صاف صاف یہ بتائے کہ وہ حکومت نہیں بنا سکتی ہے۔ بی جے پی یہ بولے کہ وہ اپوزیشن میں بیٹھے گی۔ بی جے پی صدر راج نافذ کرنے کا ماحول پیدا کر رہی ہے، یہ مہاراشٹر کے خلاف ہے۔ بی جے پی کا فیصلہ آئین کے خلاف ہے۔ اگر بی جے پی گورنر سے مل کر آئی ہے تو اسے گورنر کے سامنے اکثریت کا اعداد و شمار بھی پیش کرنا چاہیے تھا۔‘‘

Published: 07 Nov 2019, 9:06 AM IST

بی جے پی لیڈروں کی گورنر کوشیاری سے ملاقات ختم

ممبئی میں بی جے پی لیڈروں کی گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات ختم ہو گئی ہے۔ اس ملاقات کے بعد مہاراشٹر بی جے پی صدر چندر کانت پاٹل نے کہا کہ ’’مہاراشٹر کے لوگوں نے ’مہایوتی‘ (اتحاد) کو مینڈیٹ دیا ہے۔ حکومت بنانے میں تاخیر ہو رہی ہے۔ آج ہم ریاست میں قانونی متبادل اور سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے گورنر سے ملے۔‘‘

Published: 07 Nov 2019, 9:06 AM IST

شیوسینا کی میٹنگ ختم، سبھی ایم ایل اے بھیجے جا رہے ’رنگ شاردا ہوٹل‘

ممبئی میں شیو سینا کے اراکین اسمبلی کی میٹنگ ختم ہو گئی ہے۔ سربراہ ادھو ٹھاکرے نے پارٹی کے اراکین کے ساتھ میٹنگ کے بعد دو ٹوک میں کہہ دیا ہے کہ جو کچھ بی جے پی کے ساتھ پہلے سے طے ہوا تھا اس سے کم پر وہ بالکل بھی نہیں ماننے والے۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی لیڈروں سے میری کوئی بھی سیدھی بات نہیں ہوئی ہے، ہمارے پاس سبھی متبادل ہیں، لیکن ہم نہیں چاہتے کہ ان پر ہم غور کریں۔‘‘ اس درمیان کچھ میڈیا ذرائع نے خبر دی ہے کہ میٹنگ کے بعد شیوسینا ایم ایل رنگ شاردا ہوٹل بھیجے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایک شیو سینا رکن اسمبلی نے کہا کہ وہ سبھی ایک ساتھ رہیں گے اور ادھو ٹھاکرے کے مطالبات کو لے کر سبھی متحد ہیں۔

Published: 07 Nov 2019, 9:06 AM IST

مہاراشٹر: فڑنویس کی قیادت میں حکومت بنائی جانی چاہیے... نتن گڈکری

مہاراشٹر میں حکومت تشکیل کو لے کر مرکزی وزیر نتن گڈکری نے بڑا بیان دیا ہے، انہوں نے کہا کہ جلد ہی کوئی فیصلہ ہوگا، انہوں نے یہ بھی صاف کیا کہ مہاراشٹر میں دیویندر فڑنویس کی قیادت میں حکومت بنائی جانی چاہیے، گڈکری نے کہا کہ آر ایس ایس اور موہن بھاگوت کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

مہاراشٹر میں اگلے وزیر اعلی کے خود کے نام پر نتن گڈکری نے کہا کہ میرے لئے مہاراشٹر واپس لوٹنے کا کوئی سوال نہیں ہے، میں دہلی میں کام کرنا جاری رکھوں گا۔

Published: 07 Nov 2019, 9:06 AM IST

وزیر اعلیٰ شیو سینا سے ہی ہوگا: سنجے راؤت

ایک بار پھر شیوسینا کے قومی ترجمان سنجے راؤت نے واضح لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ مہاراشٹر میں وزیر اعلیٰ شیوسینا سے ہی ہوگا۔ ان کے اس انداز سے واضح ہو رہا ہے کہ اگر بی جے پی انھیں ڈھائی سال کے لیے وزیر اعلیٰ کا عہدہ نہیں دیتی تو پھر بی جے پی-شیوسینا اتحاد ختم ہو سکتا ہے۔ بی جے پی کی جانب سے ابھی تک اس سلسلے میں کچھ بھی واضح بیان نہیں آیا ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے بھی خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور صرف سرکردہ لیڈروں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ چونکہ آج بی جے پی کے سینئر لیڈروں کا ایک وفد گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملنے والا ہے، اس لیے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس ملاقات کے بعد بی جے پی کی جانب سے کوئی بیان آ سکتا ہے۔

Published: 07 Nov 2019, 9:06 AM IST

ہم اپنے اراکین اسمبلی کو کہیں شفٹ نہیں کرنے جا رہے: سنجے راؤت

شیوسینا کے قومی ترجمان سنجے راؤت نے ان خبروں کی تردید کی ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ شیوسینا اپنے اراکین اسمبلی کو کسی ریسورٹ میں شفٹ کرنے جا رہی ہے تاکہ بی جے پی کے ذریعہ اراکین اسمبلی کی مبینہ خرید و فروخت کو ناکام یا جا سکے۔ سنجے راؤت نے کہا کہ ’’ہمیں ایسا کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، ہمارے اراکین اسمبلی ہمارے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جو لوگ اس طرح کی افواہیں پھیلا رہے ہیں انھیں پہلے اپنے اراکین اسمبلی کی فکر کرنی چاہیے۔‘‘

Published: 07 Nov 2019, 9:06 AM IST

شیوسینا کے تلخ تیور سے پریشان بی جے پی لیڈروں کا وفد آج گورنر کوشیاری سے کرے گا ملاقات

مہاراشٹر میں سیاسی سرگرمیاں مزید عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ ایک طرف شیو سینا اپنے رخ کو نرم نہیں کر رہی اور دوسری طرف بی جے پی حکومت سازی کے لیے پورا زور لگا رہی ہے۔ اسی درمیان مہاراشٹر بی جے پی کے سینئر لیڈروں پر مشتمل ایک وفد آج گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کرنے والا ہے۔ اس وفد کی قیادت پارٹی کے ریاستی صدر چندرکانت پاٹل کریں گے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بی جے پی لیڈران گورنر سے ملاقات کر سیاسی حالات اور حکومت سازی کے امکانات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

Published: 07 Nov 2019, 9:06 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 07 Nov 2019, 9:06 AM IST