قومی خبریں

مدھیہ پردیش: گزشتہ کچھ سالوں کے دوران 2.5 لاکھ سے زیادہ خواتین غائب، کانگریس نے امت شاہ کو لکھا خط

مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو لکھے خط سے متعلق ’ایکس‘ ہینڈل پر جانکاری دی۔ انھوں نے بتایا کہ مدھیہ پردیش اسمبلی میں جو اعداد و شمار پیش کیے گئے، وہ خوفناک ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>کانگریس لیڈر جیتو پٹواری</p></div>

کانگریس لیڈر جیتو پٹواری

 

مدھیہ پردیش میں بچیوں اور خواتین کے غائب ہونے کی خبریں عام ہو گئی ہیں۔ گزشتہ کچھ سالوں میں لاکھوں لڑکیاں اور خواتین لاپتہ ہو چکی ہیں، جن میں سے کئی کا سراغ تک نہیں مل پایا ہے۔ اس معاملہ میں فکر ظاہر کرتے ہوئے مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو ایک خط لکھا ہے۔ انھوں نے خط میں وزیر داخلہ سے گزارش کی ہے کہ وہ اس معاملہ میں مداخلت کریں تاکہ خواتین و بچیوں کے غائب ہونے کی وجہ سامنے آ سکے۔

Published: undefined

جیتو پٹواری نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے گزارش کی ہے کہ وہ ریاستی حکومت کو حکم جاری کر ریاست کی بیٹیوں کے لیے حفاظتی انتظامات سخت کرائیں۔ ان کی سیکورٹی کے لیے اثردار اور سخت قدم اٹھائے جائیں تاکہ ریاست میں موجود خوف کا خاتمہ ہو۔ کانگریس لیڈر نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں اس تعلق سے جانکاری دیتے ہوئے لکھا ہے کہ مدھیہ پردیش میں بہن بیٹیوں کے لاپتہ ہونے کے واقعات لگاتار بڑھ رہے ہیں، جو فکر انگیز ہیں۔

Published: undefined

مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے سربراہ جیتو پٹواری نے امت شاہ کو لکھے خط کی جانکاری اپنی آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر دی ہے۔ انھوں نے خط میں لکھا ہے کہ مدھیہ پردیش میں تقریباً 22 سالوں سے بی جے پی حکومت ہے۔ اس دوران ریاست میں خواتین کی حالت بد سے بدتر ہوئی ہے۔ مدھیہ پردیش اسمبلی میں پیش اعداد و شمار بھی اس بات کی گواہی دیتے ہیں۔ جیتو پٹواری نے کانگریس رکن اسمبلی ڈاکٹر وکرانت بھوریا کے ذریعہ اسمبلی میں اٹھائے گئے سوال پر بی جے پی حکومت کے جواب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ایک خوفناک سچ کو سامنے لاتا ہے۔‘‘ انھوں نے امت شاہ کو مطلع کیا کہ 2020 سے 28 جنوری 2026 تک کی حالت دیکھی جائے تو ریاست میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 6 ہزار 507 خواتین اور 63 ہزار 793 بچیاں غائب ہوئی ہیں۔ ان میں سے 47 ہزار 984 خواتین اور 2 ہزار 186 بچیوں کا آج تک کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔

Published: undefined

امت شاہ کو لکھے خط میں جیتو پٹواری نے موجودہ حالات کو ریاستی حکومت کی ناکامی اور ناکارہ پن کا ثبوت بتایا ہے۔ انھوں نے ریاست میں ’ہیومن ٹریفکنگ‘ کا خونخوار ریکیٹ فعال ہونے کا بھی اندیشہ ظاہر کیا۔ کانگریس لیڈر نے مرکزی وزیر داخلہ سے بی جے پی حکومت کے ہی ان اعداد و شمار پر نوٹس لینے کی گزارش کی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined