قومی خبریں

روزگار کا جھانسہ دیا اور مہاراشٹر لے جا کر ’بندھوا مزدوری‘ میں جھونکا، 15 بچوں سمیت 33 کو کیا گیا ریسکیو!

مدھیہ پردیش پولیس نے مہاراشٹر کے دھاراشیو ضلع انتظامیہ کی مدد سے سبھی 33 لوگوں کو باہر نکالا۔ معاملے میں ملزم ٹھیکیدار اور ان کے ساتھی فی الحال فرار ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>مزدوروں کی علامتی تصویر</p></div>

مزدوروں کی علامتی تصویر

 

مہاراشٹر میں گنے کی کٹائی کے کام کے لیے لے جائے گئے مدھیہ پردیش کے 33 لوگوں کو ’بندھوا مزدوری‘ سے آزاد کرایا گیا ہے، جن میں 15 بچے بھی شامل ہیں۔ سبھی مہاراشٹر کے دھاراشیو ضلع سے پیر کو ریسکیو کیا گیا۔ اس کارروائی کو مدھیہ پردیش کے برہان پور ضلع کی پولیس نے مہاراشٹر انتظامیہ کی مدد سے انجام دیا۔ پولیس کے مطابق ریسکیو کیے گئے لوگوں میں 18 مزدور اور 15 بچے ہیں۔ ان میں برہان پور ضلع کے 10 مزدور اور ان کے بچے شامل ہیں، جبکہ کھرگون ضلع کے 8 مزدور اور ان کے 7 بچوں کو بھی محفوظ نکالا گیا گیا ہے۔

پولیس کی ابتدائی تحقیق میں سامنے آیا کہ ان تمام لوگوں کو تقریباً 2 ماہ قبل گنے کی کٹائی کے کام کے لیے لے جایا گیا تھا۔ یہاں ایک ٹھیکیدار نے انہیں اہلیا نگر ضلع کے دوسرے ٹھیکیدار کو سونپ دیا۔ الزام ہے کہ دوسرے ٹھیکیدار نے ان لوگوں کو دھراشیو ضلع میں بندھوا مزدور بنا کر کام کرایا۔ مزدوروں کو امید تھی کہ دوسری ریاست میں کام کر کے خاندان کی معاشی حالت بہتر کر سکیں گے، لیکن وہاں پہنچنے کے بعد ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا چلا گیا۔

متاثرین نے پولیس کو بتایا کہ ان سے مسلسل کام کرایا جاتا تھا، لیکن انہیں مناسب راشن اور مزدوری نہیں دی جا رہی تھی۔ جب انہوں نے اپنے حق کا پیسہ اور کھانے کا سامان مانگا تو ٹھیکیدار اور اس کے ساتھیوں نے ان کے ساتھ مار پیٹ کی۔ ملزمان نے مزدوروں کا موبائل فون بھی چھین لیا، تاکہ وہ کسی سے رابطہ نہ کر سکیں۔ اس طرح مزدوروں اور ان کے بچوں کو دوسری ریاست میں بندھوا مزدوری کرنے کے لیے مجبور کیا جا رہا تھا۔

مدھیہ پردیش پولیس نے مہاراشٹر کے دھراشیو ضلع انتظامیہ کی مدد سے سبھی 33 لوگوں کو باہر نکالا۔ معاملے میں ملزم ٹھیکیدار اور ان کے ساتھی فی الحال فرار ہیں۔ پولیس ان کی تلاش کر رہی ہے۔ افسران کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔ قابل ذکر ہے کہ روزگار کی تلاش میں دوسری ریاست گئے ان خاندانوں کے لیے یہ سفر کسی برے خواب سے کم نہیں تھا۔ اب پولیس کی کوشش ہے کہ اس پورے نیٹورک کا پتہ لگایا جائے، تاکہ دوسرے مزدور اور ان کے بچے بھی ایسے استحصال کا شکار نہ بنیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔