
فوڈ پوائزننگ / تصویر آئی اے این ایس
مرلی گنج بلاک دفتر احاطے کے قریب واقع ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر رہائشی اسکول میں منگل کی رات تقریباً 9:30 بجے کھانا کھانے کے بعد کم و بیش 30 طالبات کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ سبھی بیمار طالبات 6 سے 17 برس کی ہیں۔ کھانا کھانے کے بعد طالبات میں کسی کو سر درد، پیٹ درد تو کسی کو قے کی شکایت ہونے لگی۔ ایک ساتھ بڑی تعداد میں طالبات کے بیمار ہونے کی وجہ سے اسکول احاطے میں افرا تفری مچ گئی۔ جلدبازی میں سبھی طالبات کو ایمبولنس کے ذریعہ ’کمیونٹی ہیلتھ سینٹر‘ مرلی گنج لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے سبھی طالبات کا فوری علاج کیا۔
بیمار طالبات میں سے میناکشی کماری نے کہا کہ ’’رات کے کھانے میں روٹی، کدو کی سبزی، دال اور کھیر دیا گیا تھا۔ دال میں چھپکلی جیسی کوئی چیز نظر آئی۔ کھانا کھانے کے کچھ دیر کے بعد ہی کئی طالبات کو پیٹ درد، قے اور گھبراہٹ کی شکایت ہونے لگی۔‘‘ بتایا جا رہا ہے کہ طبیعت بگڑتے ہی فوراً طالبات کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس واقعہ سے اسپتال میں دیر رات تک افرا تفری کا ماحول بن گیا۔ رات تقریباً ایک بجے تک سبھی طالبات کا علاج چلتا رہا۔ کچھ طالبات کی حالت خراب ہونے پر انہیں پانی بھی چڑھایا گیا۔ مرلی گنج سی ایچ سی میں ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹر نشی کانت کے مطابق ابتدائی علاج کے بعد سبھی طالبات کی حالت بہتر دھیرے دھیرے بہتر ہوتی چلی گئی۔ اس وقت کسی بھی طالبہ کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔ طالبات میں فوڈ پوائزننگ کی علامت تھی، اس لیے علاج کے بعد سبھی طالبات کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مرلی گنج بلاک آفس کمپلیکس کے قریب واقع ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر رہائشی اسکول میں پہلی سے بارہویں جماعت تک تعلیم دی جاتی ہے اور یہاں ہاسٹل بھی ہے۔ مدھے پورہ سمیت آس پاس کے اضلاع کی 500 سے زیادہ طالبات یہاں رہ کر تعلیم حاصل کرتی ہیں۔ مرلی گنج کی بلاک ویلفیئر آفیسر کم انچارج بلاک ایجوکیشن آفیسر ببیتا کماری نے بتایا کہ منگل کی رات طالبات کے بیمار ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ سبھی طالبات کا ایمرجنسی میں علاج کرایا گیا۔ سبھی کی حالات بہتر ہے۔ مرلی گنج کی بلاک پروجیکٹ آفیسر ریشو ارنسٹ ماشی نے کہا کہ منگل کی رات کھانا کھانے کے بعد کچھ طالبات کے بیمار ہونے کی اطلاع ملی۔ اطلاع ملنے پر اسکول پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور معمالے کی جانچ جاری ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔