قومی خبریں

کوٹا: دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر پیش آیا خوفناک سڑک حادثہ، مسافروں سے بھری بس کھائی میں گری، 8 افراد ہلاک

کوٹا میں ہفتہ کی صبح دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر ایک بس دردناک حادثے کا شکار ہو گئی، بھوپال سے کھاٹو شیام جا رہے کم از کم 8 عقیدت مندوں کی موت ہو گئی اور تقریباً 15 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی 

راجستھان کے کوٹا میں ہفتہ کی صبح دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر بس کا دردناک حادثہ پیش آیا، جس میں بھوپال سے کھاٹو شیام جا رہے کم از کم 8 عقیدت مندوں کی موت ہو گئی۔ اس حادثے میں تقریباً 15 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر یہ حادثہ ہفتہ کی صبح تقریباً 6:30 بجے کوٹا کے سملیا تھانہ علاقے میں پیش آیا۔ ایک منی بس بھوپال سے کھاٹو شیام جا رہی تھی۔ اسی دوران ایکسپریس وے پر منی بس بے قابو ہو گئی اور ایک نالے پر بنے پل سے ٹکرا گئی۔ اس کے بعد منی بس تقریباً 15 فٹ کی بلندی سے نیچے جا گری۔ حادثے کے بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی۔

بس حادثے کے بعد مقامی لوگوں اور راہ گیروں کی بھیڑ جمع ہو گئی۔ فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ موقع پر پہنچنے کے بعد پولیس ٹیموں نے تمام زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال بھیجا اور مہلوکین کی لاشوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ بتایا گیا کہ زخمیوں کو نکالنے کے لیے کرین کی مدد لی گئی۔ نالے میں کیچڑ اور پانی کی وجہ سے بچاؤ کارروائی میں دشواری بھی پیش آئی۔ یہ بھی بتایا گیا کہ اس منی بس میں 25 سے زیادہ عقیدت مند سوار تھے۔

کوٹا دیہی کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رام کلیان مینا نے تصدیق کی ہے کہ اس حادثے میں تقریباً 8 افراد کی موت ہوئی ہے اور 15 سے زیادہ مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بھوپال سے کچھ مسافر منی بس میں کھاٹو شیام کی یاترا کے لیے جا رہے تھے۔ تمام افراد الگ الگ خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں، لیکن وہ ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔ جس شخص نے اس یاترا کا منصوبہ بنایا تھا، وہ بھی اس بس میں سوار تھا۔ وہ شخص بھی زخمی ہوا ہے اور میڈیکل کالج میں اس کا علاج جاری ہے۔

رام کلیان مینا نے مزید کہا کہ کوٹا کے سملیا تھانہ علاقے میں 8 لین والے ہائی وے پر منی بس پل سے نیچے گر گئی۔ پولیس افسر نے یہ بھی بتایا کہ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ یہ سمجھی جا رہی ہے کہ رات کے وقت گاڑی چلانے کے باعث منی بس کے ڈرائیور کو شاید نیند کی جھپکی آ گئی تھی۔ اسی وجہ سے بس بے قابو ہو گئی۔ ضلع کلکٹر پیوش سماریا نے کہا کہ جن زخمیوں کی حالت سنگین ہے، انہیں آئی سی یو میں داخل کرایا گیا ہے۔ تمام زخمیوں کا مسلسل علاج جاری ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔