
ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی / Getty Images
نئی دہلی: جین مذہب کے 24ویں تیرتھنکر بھگوان مہاویر کی جینتی کے موقع پر کانگریس قیادت، ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے عدم تشدد، سچائی اور ہمدردی کے پیغام کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں آج کے دور کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔ رہنماؤں نے اس موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کی اور بھگوان مہاویر کی تعلیمات کو انسانی فلاح کا راستہ بتایا۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اپنے پیغام میں کہا کہ مہاویر جینتی کے اس مقدس موقع پر تمام شہریوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بھگوان مہاویر کے اصول، اہنسا (عدم تشدد)، انیکتا (کثرتیت) اور اپریگرہ (عدم ملکیت) آج کے چیلنجز سے نمٹنے میں گہری رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ تہوار ہمیں سچائی، ہمدردی، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے تئیں اپنی وابستگی کو مضبوط کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔
Published: undefined
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بھی عوام کو مہاویر جینتی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بھگوان مہاویر کی سچائی، عدم تشدد، قربانی اور ہمدردی کی تعلیمات پوری دنیا کے لیے مشعل راہ ہیں اور انسانیت کی بھلائی کا راستہ دکھاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تعلیمات کو اپنی زندگی میں اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھگوان مہاویر نے سچائی، عدم تشدد، امن، محبت اور ہمدردی کا درس دے کر انسانیت کو راستہ دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ یہی اقدار ہماری قدیم تہذیب کی بنیاد ہیں اور جدید دنیا کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے ان اصولوں کو اپنانا ضروری ہے۔
Published: undefined
ادھر، وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھگوان مہاویر کا یوم پیدائش ہمیں سچائی، عدم تشدد اور ہمدردی کے راستے پر چلنے کی تحریک دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے نظریات روحانی ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں اور آج کے دور میں بھی ان کی معنویت برقرار ہے۔ وزیر اعظم نے مساوات اور ہمدردی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدار ہمیں معاشرے کے تئیں اپنی مشترکہ ذمہ داری کا احساس دلاتی ہیں۔
ملک بھر میں اس موقع پر مختلف مذہبی اور سماجی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ جین برادری کے افراد نے مندروں میں خصوصی پوجا اور پرارتھنا کا اہتمام کیا، جبکہ کئی مقامات پر بھگوان مہاویر کی تعلیمات پر مبنی خطابات بھی ہوئے۔ عقیدت مندوں نے اس دن کو سادگی، خیرات اور روحانی غور و فکر کے ساتھ منایا۔
Published: undefined
بھگوان مہاویر کی تعلیمات نہ صرف مذہبی بلکہ سماجی اور اخلاقی اعتبار سے بھی انتہائی اہمیت رکھتی ہیں۔ آج کے دور میں جب دنیا مختلف مسائل اور تنازعات سے دوچار ہے، ایسے میں عدم تشدد، برداشت اور سچائی جیسے اصول مزید اہم ہو جاتے ہیں۔ مہاویر جینتی کا یہ موقع اس بات کی یاد دہانی بھی ہے کہ امن اور بھائی چارہ ہی ایک بہتر معاشرے کی بنیاد ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined