قومی خبریں

کیرلم: وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے نام پر دھوکہ دہی، جعلی ویڈیو کے جال میں پھنس کر بزرگ نے گنوائے 1.41 کروڑ روپے!

افسران نے بتایا کہ مبینہ دھوکہ دہی 6 جون 2025 سے 4 نومبر 2026 کے درمیان ہوئی۔ اس دوران متاثرہ شخص نے اپنے 2 بینک کھاتوں سے 30 مرتبہ مجموعی طور پر 1.41 کروڑ ملزمین کے مختلف کھاتوں میں منتقل کیے۔

<div class="paragraphs"><p>سائبر کرائم / آئی اے این ایس</p></div>

سائبر کرائم / آئی اے این ایس

 

کیرلم کے کوژیکوڈ میں ایک 63 سالہ شخص نے ایک فرضی آن لائن ٹریڈنگ پلیٹ فارم میں سرمایہ کاری کرکے 1.41 کروڑ روپے گنوا دیے۔ ایک ایجنسی کے مطابق اس پلیٹ فارم کی تشہیر ایک جعلی ویڈیو کے ذریعے کی گئی تھی، جس میں مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کو دکھایا گیا تھا۔ کوژیکوڈ رورل سائبر کرائم پولیس نے ہفتے کے روز نادوونور کے نوچاد باشندہ عبدالرحیمن پی کی شکایت پر ایف آئی آر درج کی۔

پولیس کے مطابق شکایت کنندہ نے ’فیس بک‘ پر ایک ویڈیو دیکھی، جس میں مبینہ طور پر نرملا سیتارمن کو آن لائن ٹریڈنگ کے ذریعے اچھے منافع کا وعدہ کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ویڈیو کو اصلی سمجھ کر انہوں نے اس کے ساتھ دیے گئے ایک لنک پر کلک کیا اور جعل سازوں کی ہدایات پر عمل کیا۔ افسران نے بتایا کہ یہ مبینہ دھوکہ دہی 6 جون 2025 سے 4 نومبر 2026 کے درمیان ہوئی۔ اس دوران متاثرہ شخص نے اپنے 2 بینک کھاتوں سے 30 مرتبہ مجموعی طور پر 1.41 کروڑ روپے ملزمین کے زیر انتظام مختلف بینک کھاتوں میں منتقل کیے۔ افسران کے مطابق نہ تو وعدے کے مطابق منافع ملا اور نہ ہی سرمایہ کاری کی گئی رقم واپس آئی، جس کے بعد انہوں نے پولیس سے رابطہ کیا۔

پولیس نے بتایا کہ شکایت کنندہ نے واقعے کی اطلاع دینے میں تاخیر کی، کیونکہ انہیں امید تھی کہ ان کی رقم واپس مل جائے گی۔ سائبر کرائم پولیس نے بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 318(4) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 66 ڈی کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ اب تک ملزمین کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مختلف بینک کھاتوں میں منتقل کی گئی رقم اور شکایت کنندہ کو موصول ہونے والی فون کالز کی بنیاد پر ملزمین کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق جلد ہی ملزمین کا پتہ لگا لیا جائے گا اور پورے معاملے کا انکشاف کر دیا جائے گا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔