قومی خبریں

کیرالہ انتخابات: یو ڈی ایف کی جیت پر راہل گاندھی کا اظہار تشکر، کہا- ’عوام نے فیصلہ کن مینڈیٹ دیا‘

کیرالہ میں اسمبلی کی 140 سیٹوں پر 9 اپریل کو ہوئی 78.27 فیصد ووٹنگ کے بعد سبھی سیاسی پارٹیاں پُرجوش دکھائی دے رہی ہیں۔ آج ووٹوں کی گنتی ہو رہی ہے اور نتائج پر سبھی پارٹیاں اپنی نظر بنائے ہوئی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>کیرالہ انتخابات</p></div>

کیرالہ انتخابات

 

کیرالہ انتخابات: یو ڈی ایف کی جیت پر راہل گاندھی کا اظہار تشکر، کہا- ’عوام نے فیصلہ کن مینڈیٹ دیا‘

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کیرالہ میں یو ڈی ایف کی جیت پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک واضح اور فیصلہ کن مینڈیٹ ہے۔ انہوں نے یو ڈی ایف کے تمام لیڈروں اور کارکنوں کو سخت محنت اور منظم مہم چلانے پر مبارکباد دی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ کیرالہ میں صلاحیت بھی ہے اور امکانات بھی، اور اب ایک ایسا یو ڈی ایف حکومت موجود ہے جو ان دونوں کو بروئے کار لانے کا وژن رکھتی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں کہا کہ وہ جلد ہی اپنے کیرالہ خاندان سے ملاقات کے منتظر ہیں۔

واصح رہے کہ کیرالہ اسمبلی انتخابات میں یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے مجموعی طور پر 95 نشستیں اپنے نام کیں۔ اس میں انڈین نیشنل کانگریس کو 63، انڈین یونین مسلم لیگ کو 22، کیرالہ کانگریس کو 7 اور ریولوشنری سوشلسٹ پارٹی کو 3 نشستیں حاصل ہوئیں، جس کے ساتھ یو ڈی ایف نے ریاست میں حکومت سازی کی مضبوط پوزیشن بنا لی ہے۔

Published: 04 May 2026, 8:32 AM IST

پرینکا گاندھی نے یو ڈی ایف کو فتحیاب کرنے کے لیے عوام کا شکریہ ادا کیا

کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے کیرالہ کی عوام کے تئیں اپنا شکریہ ظاہر کرتے ہوئے کانگریس اتحاد (یو ڈی ایف) کی کامیابی پر بے انتہا خوشی ظاہر کی ہے۔ انھوں نے یو ڈی ایف کو عوام کی ’بے پناہ حمایت‘ اور بھروسہ کے لیے شکریہ ادا کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک پیغام شیئر کیا ہے۔ اس پیغام میں انھوں نے کہا ہے کہ یہ مینڈیٹ آئندہ 5 سالوں میں اتحاد کے کاموں کی رہنمائی کرے گا۔ وائناڈ کے نتیجوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یو ڈی ایف نے ضلع کی سبھی 7 سیٹوں پر فتح حاصل کی ہے۔ انھوں نے اس مینڈیٹ کو انتہائی شاندار قرار دیا۔

Published: 04 May 2026, 8:32 AM IST

رجحانات میں کانگریس اتحاد سنچری کے قریب

کیرالہ میں کانگریس اتحاد نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیٹوں کی سنچری کی طرف قدم بڑھا دیا ہے۔ رجحانات میں کانگریس اتحاد 98 سیٹیں حاصل کرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے، جن میں سے 28 سیٹوں پر فتح حاصل بھی ہو چکی ہے۔ یعنی سنچری سے کانگریس اتحاد محض 2 قدم پیچھے ہے۔ 140 سیٹوں والی اس ریاست میں حکومت سازی کے لیے 71 سیٹوں کی ضرورت ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کانگریس تنہا 21 سیٹیں جیت چکی ہے اور 42 سیٹوں پر آگے ہے۔ یعنی کانگریس کی سیٹیں 60 سے اوپر اور جادوئی نمبر سے کچھ ہی دور دکھائی دے رہی ہیں۔

Published: 04 May 2026, 8:32 AM IST

کانگریس امیدوار عبدالراشد نے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین کو چھوڑا پیچھے

کیرالہ کی دھرمدم اسمبلی سیٹ پر 6 راؤنڈ کی ووٹ شماری مکمل ہو چکی ہے۔ یہاں سے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین انتخاب لڑ رہے ہیں، جنھیں کانگریس امیدوار عبدالراشد نے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس سیٹ پر وجین 600 سے زائد ووٹوں سے پچھڑ گئے ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق عبدالراشد اس سیٹ پر ووٹ شماری شروع ہونے کے کچھ دیر بعد سے ہی سبقت بنائے ہوئے ہیں۔

Published: 04 May 2026, 8:32 AM IST

کانگریس اتحاد کے طوفان میں ایل ڈی ایف اور بی جے پی کی حالت خستہ

کانگریس اتحاد نے کیرالہ میں زبردست کارکردگی کی بنیاد رکھ دی ہے۔ رجحانات میں یو ڈی ایف 97 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے، جبکہ ایل ڈی ایف کے 40 امیدوار سبقت بنائے ہوئے ہیں۔ بی جے پی کی حالت انتہائی خستہ ہے، کیونکہ اس کے محض ایک امیدوار کو سبقت ملی ہوئی ہے۔ بقیہ سیٹوں پر دیگر امیدواروں نے برتری بنا لی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یو ڈی ایف میں شامل کانگریس تنہا 62 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔ اس ریاست میں حکومت سازی کے لیے 71 سیٹوں کی ضرورت ہے، جس سے کانگریس محض 9 سیٹ دور ہے۔ یعنی اس ریاست میں کانگریس تن تنہا بھی حکومت بنا سکتی ہے۔

Published: 04 May 2026, 8:32 AM IST

رجحانات میں کانگریس اتحاد کو اکثریت حاصل

140 اسمبلی سیٹوں والے کیرالہ میں کانگریس اتحاد حکومت سازی کی طرف مضبوطی کے ساتھ بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ بلکہ رجحانات میں تو کانگریس اتحاد نے 71 کا جادوئی نمبر حاصل بھی کر لیا ہے۔ سبھی 140 اسمبلی سیٹوں کے رجحانات سامنے آ چکے ہیں اور 85 سیٹوں پر کانگریس اتحاد کے امیدوار آگے چل رہے ہیں۔ 50 سیٹوں پر ایل ڈی ایف امیدوار اور 4 سیٹوں پر بی جے پی امیدوار سبقت بنائے ہوئے ہیں۔ بقیہ سیٹوں پر دیگر امیدواروں نے برتری بنائی ہے۔

Published: 04 May 2026, 8:32 AM IST

کیرالہ میں کانگریس اتحاد نکلا بہت آگے

کیرالہ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں پڑے ووٹوں کی گنتی تیزی سے جاری ہے۔ اس ریاست میں کانگریس اتحاد ’یو ڈی ایف‘ بہت آگے نکل چکا ہے اور حکمراں اتحاد ’ایل ڈی ایف‘ کے ساتھ ساتھ بی جے پی بھی بہت پیچھے ہو گئی ہے۔ 140 اسمبلی سیٹوں میں سے ابھی تک 121 اسمبلی سیٹوں کے رجحانات سامنے آئے ہیں، جن میں سے یو ڈی ایف کے 78 امیدوار آگے چل رہے ہیں۔ ایل ڈی ایف کے 30 اور بی جے پی 11 امیدواروں نے اس وقت سبقت بنا رکھے ہیں۔ بقیہ 3 سیٹوں پر دیگر امیدوار آگے چل رہے ہیں۔

Published: 04 May 2026, 8:32 AM IST

ابتدائی رجحانات میں یو ڈی ایف اور ایل ڈی ایف کے درمیان زبردست ٹکر

کیرالہ میں سخت سیکورٹی کے درمیان جاری ووٹوں کی گنتی پر عوام کے ساتھ ساتھ سیاسی ماہرین کی بھی نظر بنی ہوئی ہے۔ ابتدائی رجحانات میں یو ڈی ایف اور ایل ڈی ایف کے درمیان زبردست ٹکر دیکھنے کو مل رہی ہے۔ 44 سیٹوں پر ایل ڈی ایف اور 40 سیٹوں پر یو ڈی ایف نے سبقت بنایا ہوا ہے۔ بی جے پی اتحاد اس مقابلہ میں دور دور تک دکھائی نہیں دے رہا ہے، کیونکہ اس نے ابھی محض 6 سیٹوں پر سبقت بنایا ہے۔

Published: 04 May 2026, 8:32 AM IST

سخت سیکورٹی کے درمیان پوسٹل بیلیٹ کی گنتی شروع

کیرالہ میں اسمبلی کی 140 سیٹوں پر 9 اپریل کو ہوئی 78.27 فیصد کی زبردست ووٹنگ کے بعد سبھی سیاسی پارٹیاں پُرجوش دکھائی دے رہی ہیں۔ سخت سیکورٹی کے درمیان آج سبھی سیٹوں پر ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی شروع ہو گئی ہے۔ پہلے پوسٹل بیلیٹ سے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی ہو رہی ہے، اور تھوڑی ہی دیر میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں (ای وی ایم) بھی کھل جائیں گی۔

Published: 04 May 2026, 8:32 AM IST

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 04 May 2026, 8:32 AM IST