قومی خبریں

کشمیر: 24 گھنٹوں میں سی آر پی ایف کے دو افسروں نے کی خودکشی

سری نگر میں تعینات سی آر پی ایف کے ترجمان پنکج سنگھ نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ سی آر پی ایف کی 49 ویں بٹالین سے وابستہ سب انسپکٹر نے اپنی ہی بندوق سے اپنی زندگی تمام کرلی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

سری نگر: وادی کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو الگ الگ اضلاع میں تعینات سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے دو افسروں نے خودکشی کر کے اپنی زندگیاں ختم کی ہیں۔ سی آر پی ایف افسروں کی خودکشی کے یہ واقعات اننت ناگ اور سری نگر اضلاع میں رونما ہوئے ہیں۔

Published: undefined

جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے مٹن علاقے میں تعینات سی آر پی ایف کے ایک سب انسپکٹر نے پیر کے روز اپنی ہی بندوق سے اپنی زندگی تمام کردی۔ مہلوک کی شناخت فتح سنگھ ولد ایدان سنگھ ساکنہ جیسلمیر راجستھان کے بطور ہوئی ہے۔ ایک مقامی خبر رساں ایجنسی نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ مہلوک افسر نے اپنی لاش کے پاس ایک سوسائیڈ نوٹ چھوڑا تھا جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ 'کوئی میری لاش کو ہاتھ نہ لگائے کیونکہ مجھے ڈر ہے کہ شاید میں کورونا وائرس میں مبتلا ہوں'۔

Published: undefined

پولیس ذرائع نے بتایا کہ مہلوک سب انسپکٹر کے نمونے لئے گئے ہیں اور لاش کا پوسٹ مارٹم بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ آنے کے بعد ہی کہا جاسکتا ہے کہ آیا مہلوک افسر کورونا وائرس سے متاثر تھے یا نہیں۔ ادھر سری نگر کے کرانگر علاقے میں سی آر پی ایف کے ہی ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے بھی منگل کی صبح اپنی ہی بندوق سے اپنا خاتمہ کر لیا۔

Published: undefined

سری نگر میں تعینات سی آر پی ایف کے ترجمان پنکج سنگھ نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ سی آر پی ایف کی 49 ویں بٹالین سے وابستہ سب انسپکٹر نے اپنی ہی بندوق سے اپنی زندگی تمام کرلی ہے۔ انہوں نے مہلوک افسر کی شناخت بنگالی بابو ساکنہ گوالیار مدھیہ پردیش کے بطور کی ہے۔ موصوف ترجمان نے مہلوک کی موت میں کورونا وائرس کے عمل دخل کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن ہے اور بازاروں میں کوئی رونق ہی نہیں ہے۔ ایسا منظر ملک اور دنیا نے کبھی دیکھا ہی نہیں ہے۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود بھی جموں وکشمیر میں تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع شریپد نائیک نے گزشتہ برس دسمبر میں لوک سبھا میں فوجی جوانوں کی طرف سے خودکشیاں کرنے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سال 2010 سے سال 2019 کے دوران 1113 فوجی اہلکاروں نے خودکشی کی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined