
وزیر اعلیٰ تمل ناڈو تھلاپتی وجے / آجی اے این ایس
کرور: تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ وجے نے گزشتہ برس کرور میں پیش آنے والی المناک بھگدڑ میں جان گنوانے والے افراد کے متاثرہ خاندانوں میں ہمدردانہ بنیاد پر تقرری نامے تقسیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحہ کے زخم آج بھی ان کے دل میں تازہ ہیں اور وہ اس درد کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال 27 ستمبر کو تمل ناڈو اسمبلی انتخابات سے قبل کرور میں تملگا ویتری کزگم کی انتخابی ریلی کے دوران بھگدڑ کے سبب 41 افراد کی جان چلی گئی تھی۔ اس واقعہ کی جانچ فی الحال سی بی آئی کے ہاتھوں میں ہے۔
حادثے کے بعد ریاستی حکومت نے ہر متاثرہ خاندان کو دس لاکھ روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا تھا، جبکہ تملگا ویتری کزگم نے اضافی طور پر 20 لاکھ روپے کی مالی مدد فراہم کی تھی۔ بازآبادکاری کے اقدامات کے تحت وزیراعلیٰ وجے کرور پہنچے، جہاں ایٹلس ایرینا میں منعقدہ تقریب کے دوران انہوں نے 32 متاثرہ خاندانوں کے ایک ایک فرد کو ان کی تعلیمی اہلیت کے مطابق ہمدردانہ بنیاد پر تقرری نامے دیے۔
یہ تقریب ایسے وقت میں منعقد ہوئی جب مدراس ہائی کورٹ کی مدورئی بنچ میں حکومت کے اس فیصلے کے خلاف دائر عرضی پر سماعت جاری تھی۔ عرضی میں متاثرہ خاندانوں کو مستقل سرکاری ملازمت دینے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ عدالت نے عبوری ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فی الحال مستحق افراد کو عارضی تقرری دی جا سکتی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ وجے جذباتی نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ کرور سانحہ نے انہیں گہری ذہنی اور جذباتی تکلیف پہنچائی ہے۔ ان کے بقول کرور کے اپنے بھائیوں، بہنوں اور معصوم بچوں کو کھونے کا دکھ ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا اور زندگی میں انسان کتنی ہی کامیابیاں کیوں نہ حاصل کر لے، دل کے یہ زخم کبھی نہیں بھرتے۔
انہوں نے کہا کہ اس سانحہ کی پوری ذمہ داری ان پر ڈال دی گئی تھی، تاہم وہ عوامی خدمت کے مقصد سے سیاست میں آئے ہیں اور آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے اپوزیشن کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب پارٹی فنڈ کا معاملہ اٹھایا گیا تو اپوزیشن کے ارکان ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں سرکاری محکموں میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی ہوتی تھی، لیکن اب عوام محسوس کرتے ہیں کہ ان کی حکومت کے دور میں رشوت ستانی اور بدعنوانی میں نمایاں کمی آئی ہے۔
انہوں نے اپنی حکومت کے انتخابی وعدوں کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ سی این انا دورئی کی یوم پیدائش کے موقع پر نومولود بچوں کو سونے کی انگوٹھی دینے کی اسکیم بھی وعدے کے مطابق نافذ کی جائے گی۔ تقریب کے اختتام پر مستحق خاندانوں میں تقرری نامے تقسیم کیے گئے۔ ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد حالیہ برسوں کے بڑے عوامی سانحات میں سے ایک سے متاثرہ خاندانوں کو طویل مدتی معاشی تحفظ فراہم کرنا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔