قومی خبریں

کملیش تیواری کی آخری رسوم ادا، افسران نے اہل خانہ سے کیا سی ایم یوگی سے ملاقات کرانے کا وعدہ

سرکاری افسران کے ذریعہ کافی سمجھانے کے بعد کملیش تیواری کے اہل خانہ نے آبائی گھر سیتا پور میں اس کی آخری رسوم ادا کی۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

18 اکتوبر کو لکھنؤ میں قتل کیے گئے ہندوتوا لیڈر کملیش تیواری کی بیوی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کے بعد ہی کملیش کی آخری رسوم ادا کرنا چاہتی تھیں اور ملاقات نہ ہونے کی صورت میں خود سوزی کی بات کہہ رہی تھیں، لیکن وہ بالآخر اپنی ضد سے پیچھے ہٹ گئیں۔ سرکاری افسران کے کافی سمجھانے کے بعد گھر والوں نے کملیش تیواری کی آخری رسوم ادا کر دی، لیکن اس سے پہلے سرکاری افسران کے سامنے انھوں نے اپنے کئی مطالبات رکھے۔

Published: undefined

میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ کملیش تیواری کے آبائی گھر سیتا پور میں ہی اس کی آخری رسوم ادا کی گئیں۔ اس موقع پر لکھنؤ اور سیتا پور کے کئی پولس افسران موجود تھے۔ لکھنؤ کے کمشنر مکیش میشرام اور آئی جی نے اس سے قبل کملیش تیواری کے گھر والوں سے ملاقات کی اور انھیں بھروسہ دلایا کہ ان کے مطالبات پورے کیے جائیں گے۔ دوپہر تقریباً 2 بجے کملیش کا جسد خاکی آخری رسوم ادا کرنے کے لیے لے جایا گیا۔

Published: undefined

خبروں کے مطابق کملیش کے اہل خانہ نے افسروں سے مطالبہ کیا ہے کہ این آئی اے اور ایس آئی ٹی کے ذریعہ اس قتل معاملے کی جانچ کرائی جائے کیونکہ انھیں یو پی پولس پر بھروسہ نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ہی گھر والوں نے ریاستی حکومت سے معاوضہ دینے کے ساتھ ساتھ کملیش کے بیٹے کو ملازمت دینے کا مطالبہ بھی کیا۔

Published: undefined

انسپکٹر جنرل ایس کے بھگت نے میڈیا سے کہا کہ ’’کملیش کے گھر والوں کا مطالبہ تھا کہ وہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ میں نے ان سے وعدہ کیا ہے کہ ملاقات کرائی جائے گی لیکن وقت کا تعین بعد میں ہوگا۔‘‘ ملاقات کا بھروسہ دلائے جانے کے بعد کملیش کی بیوی نے آخری رسوم ادا کرنے کے لیے رضامندی ظاہر کی۔ یہ بات ابھی طے نہیں ہے کہ وزیر اعلیٰ کملیش کے گھر والوں سے ملنے سیتا پور آئیں گے یا پھر گھر والوں کو ہی لکھنؤ لے جایا جائے گا۔

Published: undefined

واضح رہے کہ پولس نے کملیش تیواری قتل واقعہ سلجھانے کا دعویٰ کیا ہے۔ گجرات اے ٹی ایس کا دعویٰ ہے کہ تین ملزمین نے اپنا گناہ قبول کر لیا ہے۔ گجرات اے ٹی ایس کے ڈی آئی جی ہمانشو شکلا کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے تینوں ملزمین نے اپناگناہ قبول کر لیا ہے۔ یو پی پولس کے ڈی جی نے بھی کہا ہے کہ تینوں سازش کرنے والوں نے اپنے ملوث ہونے کی بات قبول کر لی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined