سلمان خان / تصویر: آئی اے این ایس
جودھپور کے مشہور کانکانی کالا ہرن شکار معاملہ میں پیر (16 فروری) کو راجستھان ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی۔ اس معاملے میں سلمان خان کے کردار کے حوالے سے حتمی فیصلہ آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جودھپور کی نچلی عدالت نے سلمان خان کو اس معاملے میں 5 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اس فیصلے کے خلاف سلمان خان نے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے، جس پر پیر کو سماعت ہوگی۔ سلمان خان کے وکیل ہستیمل سارسوت نے پہلے ہائی کورٹ میں ایک درخواست جمع کرائی تھی جس میں سلمان خان اور دیگر فلمی ستاروں پر مشتمل کالے ہرن کے شکار سے متعلق تمام اپیلوں پر ایک ساتھ سماعت کی درخواست کی گئی تھی، جسے قبول کر لیا گیا ہے۔
Published: undefined
واضح رہے کہ کالا ہرن شکار معاملے میں 5 اپریل 2018 کو سلمان خان کو 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، جبکہ دیگر تمام شریک ملزمان سیف علی خان، نیلم، تبو، سونالی بیندرے اور دُشینت کو بری کر دیا گیا تھا۔ سلمان خان نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں اس سزا کے خلاف اپیل دائر کی تھی اور وہ ضمانت پر رہا ہوئے تھے۔ جبکہ شریک ملزمان کو بری کیے جانے کے خلاف ریاستی حکومت نے راجستھان ہائی کورٹ میں ’لیو ٹو اپیل‘ دائر کی تھی۔ سماعت کے دوران سلمان خان کی 5 سال کی سزا کو چیلنج کرنے والی اپیل بھی ہائی کورٹ منتقل کر دی گئی۔
Published: undefined
اس کے علاوہ سلمان خان کے خلاف 15 اکتوبر 1998 کو لونی تھانے میں درج آرمس ایکٹ معاملے کی اپیل کو بھی 21 مارچ 2022 کو ہائی کورٹ میں ٹرانسفر کیا گیا تھا۔ دوسری جانب اگر ریاستی حکومت کی اپیل پر عدالت نے نوٹس لیا تو پہلے سے بری ہونے والے شریک ملزمان کی مشکلات میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس سماعت سے سلمان خان اور دیگر ملزمان کے مستقبل کے حوالے سے بڑے فیصلے کی توقع ہے۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ 26 سال قبل 1998 میں فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ جودھپور کے قریبی دیہی علاقوں میں چل رہی تھی۔ اس دوران بالی ووڈ کے ستارے سلمان خان، سیف علی خان، نیلم، تبو اور سونالی بیندرے سمیت دیگر افراد نے کالے ہرنوں کا شکار کیا تھا۔ سلمان خان کے خلاف ہرن کے شکار کے 3 معاملات درج ہوئے جبکہ ایک معاملہ غیر قانونی اسلحہ کا درج ہوا۔ نچلی عدالت نے سلمان خان کو 2 مقدمات میں 5-5 سال کی سزا سنائی ہے، جبکہ ایک معاملہ میں ایک سال کی سزا سنائی ہے۔ 2 معاملات کی سماعت سپریم کورٹ میں چل رہی ہے، جبکہ کانکانی کالا ہرن شکار معاملے کی سماعت جودھپور ہائی کورٹ میں جاری ہے۔ ان تمام معاملات میں سلمان خان فی الحال ضمانت پر ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز