
بہار کے وزیر صحت نشانت کمار، تصویر/آئی اے این ایس
وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کا پروگرام چل رہا تھا جب وزیر صحت نشانت کمار کو ان کے قریب آنے سے ایک سیکورٹی اہلکار نے ہاتھ لگا کر روک دیا۔ اس واقعہ کے بعد بہار کی سیاست میں ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔ گزشتہ بدھ (18 نومبر) کو وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری ویشالی پہنچے تھے۔ وہ وزیر اعظم کے مجوزہ دورے کی تیاریوں کا جائزہ لینے وہاں گئے تھے۔ اس دوران نشانت کمار بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ اب جے ڈی یو نے اس واقعے پر سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔ نشانت کمار کو سیکورٹی اہلکار کے ذریعہ دھکا دیے جانے پر جے ڈی یو کے چیف ترجمان اور ایم ایل سی نیرج کمار نے کہا کہ جو کچھ بھی ہوا، وہ انتہائی افسوسناک ہے۔
نیرج کمار کا کہنا ہے کہ نشانت کمار سادگی پسند ہیں، انسانیت کو پسند کرتے ہیں اور خوش اخلاق ہیں۔ ان کے کام کرنے کی صلاحیت کا پورا بہار معترف ہے، اس لیے الفاظ کے استعمال میں احتیاط برتنی چاہیے اور سوشل میڈیا پر اس واقعے کے بارے میں لکھنے والوں کو بھی نازیبا باتوں سے گریز کرنا چاہیے۔ جو بھی واقعہ پیش آیا، وہ افسوسناک، تکلیف دہ ہے۔ پولیس ہیڈکوارٹر کو اس معاملے کا ازخود نوٹس لینا چاہیے۔
نیرج کمار نے روہنی آچاریہ کے ذریعہ کی گئی پوسٹ کا بھی جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے ڈی یو کو کوئی نظر انداز نہیں کر سکتا۔ یہ ایک غیر معمولی واقعہ ہے۔ اس میں بی جے پی کا کوئی شخص کچھ کرنے نہیں گیا تھا۔ وہ ایک سیکورٹی اہلکار ہے، جے ڈی یو یا بی جے پی کا رکن نہیں ہے۔ پولیس ہیڈکوارٹر اس معاملے کی جانچ کرے گا اور متعلقہ اہلکار کے خلاف یقینی طور پر کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری بہار کے دورے پر نکلنے والے ہیں۔ اس بارے میں نیرج کمار نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے۔ نتیش کمار کے ’سات نشچئے-3‘ کے تحت بہار میں این ڈی اے کی حکومت چل رہی ہے۔ حکومت کی پالیسیوں کا جائزہ لینا، درپیش مسائل کا مشاہدہ کرنا اور ان کی بنیاد پر مستقبل کی پالیسیاں طے کرنا ضروری ہے۔ ہمیں امید ہے کہ سمراٹ چودھری کے اس دورے سے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔