
آئی اے ایس رنکو سنگھ راہی، تصویر ویڈیو گریب
جالون میں تعینات آئی اے ایس اور جوائنٹ مجسٹریٹ رنکو سنگھ راہی ایک بار پھر تنازعہ کے مرکز میں آ گئے ہیں۔ اس بار بی جے پی کے جالون بلاک پرمکھ رام راجا نرنجن نے ان پر معائنے کے دوران بدتمیزی کرنے، تھپڑ مارنے اور دھکا مکی کرنے کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ معاملے کا سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آیا ہے۔ بلاک پرمکھ نے ضلع مجسٹریٹ کو تحریری شکایت دے کر غیر جانب دارانہ جانچ اور کارروائی کا مطالبہ کیا۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ راجیش کمار پانڈے نے 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے کر پورے معاملے کی جانچ کے احکامات دیے۔ اس کے ساتھ ہی رنکو سنگھ راہی کو جالون ایس ڈی ایم کے عہدے سے ہٹا کر جوائنٹ مجسٹریٹ/ایس ڈی ایم (عدالتی) اورئی مقرر کر دیا گیا۔
Published: undefined
بلاک پرمکھ رام راجا نرنجن نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ 23 جون کو جوائنٹ مجسٹریٹ رنکو سنگھ راہی بیتوا آئس اینڈ کولڈ اسٹوریج کا معائنہ کرنے پہنچے تھے۔ ان کے مطابق معائنے کے دوران رنکو سنگھ راہی حفاظتی معیارات اور ضروری دستاویزات کی جانچ کر رہے تھے۔ اسی دوران رنکو سنگھ راہی نے عملے سے تمام ضروری دستاویزات صرف ڈھائی منٹ کے اندر پیش کرنے کو کہا۔
Published: undefined
بلاک پرمکھ کا الزام ہے کہ اسٹوریج کے مینیجر نے رنکو سنگھ راہی سے کچھ اضافی وقت دینے کی درخواست کی تھی، کیونکہ تمام دستاویزات فوری طور پر فراہم کرنا ممکن نہیں تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اسی دوران جب وہ خود موقع پر پہنچے تو جوائنٹ مجسٹریٹ نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ افسر نے انہیں تھپڑ مارنے کی کوشش کی، جو ان کے گال کے بجائے ہاتھ پر لگا۔ اس کے بعد دھکا مکی اور ہاتھا پائی جیسی صورتحال پیدا ہو گئی۔
Published: undefined
رام راجا نرنجن نے دعویٰ کیا کہ پورا واقعہ وہاں لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہوا ہے۔ انہوں نے صحافیوں کے سامنے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پیش کی اور کہا کہ یہی فوٹیج ضلع مجسٹریٹ کو شکایت کے ساتھ ثبوت کے طور پر فراہم کی گئی ہے۔ ان کا الزام ہے کہ ایک ذمہ دار انتظامی افسر کا اس طرح کا رویہ جمہوری نظام اور عوامی نمائندوں کے وقار کے مطابق نہیں ہے۔
Published: undefined
واقعہ سامنے آنے کے بعد ضلع کے عوامی نمائندوں اور سیاسی حلقوں میں بھی ناراضگی کا ماحول بتایا جا رہا ہے۔ جوائنٹ مجسٹریٹ رنکو سنگھ راہی اس سے پہلے بھی تاجروں کے ساتھ تنازعہ کو لے کر سرخیوں میں رہ چکے ہیں۔ فی الحال ضلع مجسٹریٹ راجیش کمار پانڈے نے معاملے کی غیر جانب دارانہ جانچ کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی جالون تحصیل کے ایس ڈی ایم رنکو سنگھ راہی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ راکیش کمار سونی کو جالون کا نیا ایس ڈی ایم مقرر کیا گیا ہے۔ رنکو سنگھ راہی کو جوائنٹ مجسٹریٹ/ایس ڈی ایم (عدالتی) اورئی کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined