قومی خبریں

جگدیپ دھنکھڑ کو جبراً استعفیٰ دینے پر کیا گیا تھا مجبور: جے رام رمیش

جے رام رمیش نے الزام لگایا ہے کہ ’’جگدیپ دھنکھڑ کو اچانک عہدہ چھوڑنے پر مجبور کیا گیا، کیونکہ وہ کسانوں کی بدحالی اور مشکلات پر افسوس کا اظہار کر رہے تھے۔‘‘

کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش / آئی اے این ایس
کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش / آئی اے این ایس 

ہندوستان کے سابق نائب صدر جمہوریہ اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ کو آج ہی کے دن 21 جولائی 2025 کو مدت کار مکمل ہونے سے پہلے ہی ہٹا دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ 11 اگست 2022 کو جگدیپ دھنکھڑ نائب صدر جمہوریہ کے عہدے پر فائز کیے گئے تھے۔ کانگریس نے سابق نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ کے استعفے کو لے کر ایک بار پھر مرکزی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ’’ایک برس قبل جگدیپ دھنکھڑ کو جبراً استعفیٰ دینے پر مجبور کیا گیا تھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ انتہا تو یہ ہے کہ جگدیپ دھنکھڑ کو راجیہ سبھا کے اراکین کی جانب سے باضابطہ الوداعی تقریب دینے کا رسمی تقاضا بھی پورا نہیں کیا گیا۔‘‘

جے رام رمیش نے الزام لگایا ہے کہ ’’جگدیپ دھنکھڑ کو اچانک عہدہ چھوڑنے پر مجبور کیا گیا، کیونکہ وہ مسلسل کسانوں کی بدحالی اور ان کی مشکلات پر افسوس کا اظہار کر رہے تھے۔ ساتھ ہی کسانوں کے تئیں مودی حکومت کی حیران کن بے حسی پر بھی سوال اٹھا رہے تھے۔ کانگریس لیڈر نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’آج ہی کے دن ٹھیک ایک برس قبل اس وقت کے سابق نائب صدر جمہوریہ اور راجیہ سبھا کے چیئرمین کو 5 سالہ مدتِ کار میں سے صرف 3 برس مکمل ہونے کے بعد ہی استعفیٰ دینے پر مجبور کیا گیا تھا۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ ’’وزیراعظم مودی بڑے دھوم دھام سے انہیں نائب صدر جمہوریہ کے عہدے پر لائے تھے۔‘‘ لیکن دھنکھڑ کو کسانوں کی حالت زار اور دشواریوں پر بار بار غصے کے اظہار اور ان کے تئیں مودی حکومت کی حیران کن بے حسی کی وجہ سے اچانک استعفیٰ دینا پڑا۔

جے رام رمیش نے موجودہ منظر نامے کے تناظر میں کہا کہ ’’یہی بے حسی اور لاتعلقی آج بھی لاکھوں طلبہ اور نوجوانوں کے تئیں برقرار ہے، جس کے سبب سنگین خدشات پیدا ہو رہے ہیں۔‘‘ واضح رہے کہ گزشتہ سال پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے دوران 21 جولائی کو اُس وقت کے نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے اپنے عہدے سے فوری اثر کے ساتھ استعفیٰ دے دیا تھا۔ انہوں نے صدر دروپدی مرمو کو بھیجے گئے اپنے استعفے میں صحت سے متعلق وجوہات اور ڈاکٹروں کے مشورے کا حوالہ دیا تھا۔ جبکہ کانگریس کا کہنا ہے کہ دھنکھڑ کو کسانوں کے مسائل پر ان کے دوٹوک مؤقف کی وجہ سے ہٹایا گیا، جبکہ حکومت کی جانب سے ان کے استعفے کی وجہ صحت سے متعلق مسائل ہی بتائی گئی تھی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔