
گرافکس ’ایکس‘ @INCIndia
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی آج مہاراشٹر کے پونے شہر میں طالبات اور جین-زی خواتین کے ساتھ ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام میں شرکت کرنے والے ہیں۔ اس تقریب میں وہ جین-زی خواتین کو اپنی مشکلات اور مسائل سامنے رکھنے کا موقع دیں گے۔ کوٹا، دہرادون اور پریاگ راج کے بعد پونے چوتھا شہر ہے جہاں ’چھاتروں کی گونج‘ مہم کے تحت اسٹوڈنٹس کے مسائل سامنے رکھے جائیں گے۔ اس پروگرام سے عین قبل کانگریس نے پونے میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں کچھ اہم باتیں سامنے رکھی گئیں۔
کانگریس میڈیا و پبلسٹی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے اس پریس کانفرنس کو خطاب کیا جس میں مرکز کی موجودہ مودی حکومت کو خاص طور سے نشانے پر لیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’آج پورے ملک مین طلبا و نوجوانوں میں غصہ ہے۔ ابتدا میں یہ ہوا کہلاتی ہے، لیکن بعد میں یہ طوفان بن جاتا ہے۔ اب اس طوفان کی سرگوشی پونے میں سنائی دے رہی ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’بی جے پی حکومت کو خواتین کا ووٹ تو چاہیے، لیکن جب پالیسی طے کرنے کی بات ہوتی ہے تو یہ خواتین کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ ہم نے یہ سازش خواتین ریزرویشن بل کے ساتھ سرعام دیکھی ہے، کیونکہ بل پاس ہونے کے بعد بھی بی جے پی الگ الگ پہلوؤں کے پیچھے چھپ رہی ہے، لیکن اسے نافذ نہیں کر رہی۔‘‘
پون کھیڑا نے کانگریس کے ذریعہ خواتین کو سیاست میں آگے بڑھائے جانے کا ذکر بھی میڈیا کے سامنے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہمیں اپنی پارٹی پر فخر ہے، جس نے اندرا گاندھی جی، پرینکا گاندھی جی جیسی بے خوف لیڈر اس ملک کو دیں۔ ہمیں اپنی پارٹی پر فخر ہے جہاں سینکڑوں خواتین سیاست میں پرچم لہرا رہی ہیں۔ سونیا گاندھی جی کی قیادت میں ہم نے کئی انتخابات جیتے اور وہ پارٹی کی صدر بھی رہیں۔‘‘ ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ ’’خواتین مردوں سے کہیں زیادہ آگے ہیں۔ مرد ان کی برابری نہیں کر پاتے، اس لیے وہ خواتین کو گھروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔‘‘
اس دوران پون کھیڑا نے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی بھی تعریف کی۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’ہمیں راہل گاندھی جی پر فخر ہے، جنھوں نے دہلی میں ان نوجوان خواتین کے ساتھ پریس کانفرنس کی، جنھوں نے تحریکوں میں آواز بلند کی۔ خواتین کو اپنی بات رکھنے کے لیے پلیٹ فارم دینا ہم سبھی کی ذمہ داری ہے، اور ہم فخر کے ساتھ ایسا کر رہے ہیں۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔