
علامتی تصویر، سوشل میڈیا
چین اور پاکستان کے ذریعہ سیٹلائٹ سے 24 گھنٹے ہندوستان کی نگرانی کیے جانے کی خبر نے قومی سلامتی سے متعلق خدشات کو بہت بڑھا دیا ہے۔ کانگریس نے اس بارے میں وزیر اعظم نریندر مودی سے بیدار ہونے کی گزارش کی ہے اور کہا ہے کہ موجودہ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے سخت اقدام کیے جائیں۔ دراصل ’دی پرنٹ‘ نے خصوصی رپورٹ شائع کی ہے، جس کی سرخی ہے ’چین اور پاکستان کا سیٹلائٹ گٹھ جوڑ، 24 گھنٹے ہندوستان کے چپہ چپہ پر ہے نظر‘۔ اس رپورٹ کی لنک سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ شیئر کرتے ہوئے کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے لکھا ہے کہ ’’خلائی نگرانی قومی سلامتی کی صورت حال کو ایک نئی شکل دے رہی ہے۔ کیا وزیر اعظم کمبھ کرن کی طرح گہری نیند میں ہیں؟‘‘
پون کھیڑا کا کہنا ہے کہ چین اور پاکستان کا گٹھ جوڑ ہندوستان کے لیے تشویش ناک ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ چین اور پاکستان کا آپسی تعاون 4 اہم محاذوں پر آگے بڑھ رہا ہے۔ ان چاروں محاذوں کا ذکر کانگریس لیڈر نے اس طرح کیا ہے:
چین اپنے انتہائی خفیہ خلائی پروگرام میں ایک پاکستانی خلاباز کو شامل کر رہا ہے۔ یہ بیجنگ کی اس روایتی جھجک سے ایک بڑی انحرافی تبدیلی ہے، جس کے تحت وہ جدید تکنیکی صلاحیتیں دوسرے ممالک کے ساتھ بانٹنے سے گریز کرتا رہا ہے۔ چین کے سرکاری میڈیا نے اس قدم کو ’6 دہائیوں پرانے ناقابل شکست رشتے کو آگے بڑھانے‘ کی کوشش قرار دیا ہے۔
’دی پرنٹ‘ کو حاصل ہونے والی ڈیگنٹارا کی ایک رپورٹ سے اشارہ ملتا ہے کہ 2025 کے دہشت گردانہ حملہ سے قبل کے چند ہفتوں کے دوران چینی سیٹلائٹ پہلگام کی باریک بینی سے نگرانی کر رہے تھے۔ ان سیٹلائٹ کا استعمال 2025 میں 88 گھنٹے تک جاری رہنے والی کشیدگی کے دوران ہندوستانی تنصیبات کی نگرانی کے لیے بھی کیا گیا تھا۔
جنوری 2025 سے جون 2026 کے درمیان پاکستان نے 6 سیٹلائٹ خلا میں بھیجے، جن میں سے 5 کے لیے چینی راکٹوں اور لانچنگ سہولتوں کا استعمال کیا گیا۔ یہ سیٹلائٹ چین کی پہلے سے موجود نگرانی کی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہیں۔ اس سے ممکنہ طور پر نگرانی کا دائرہ وسیع ہوگا اور خطے کے مختلف مقامات پر نظر رکھنے کے لیے مزید زاویے دستیاب ہوں گے۔
پاکستان ایشیا پیسیفک اسپیس کوآپریشن آرگنائزیشن کے اے پی او ایس او ایس (APOSOS) پروجیکٹ کا بھی حصہ ہے۔ یہ زمین پر قائم آپٹیکل دوربینوں کا ایک کثیر ملکی نیٹورک ہے، جسے خلا میں موجود اشیا کا مشاہدہ کرنے اور ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ پیرو اور ایران کے ساتھ پاکستان بھی اس کے ابتدائی 3 مشاہداتی مراکز میں سے ایک کی میزبانی کر رہا ہے۔ ان مراکز سے حاصل ہونے والا ڈاٹا بیجنگ میں چینی اکیڈمی آف سائنسز کے مرکزی سنٹر کو بھیجا جاتا ہے۔
مذکورہ بالا چاروں محاذ کا ذکر کرنے کے بعد پون کھیڑا نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’مجموعی طور پر یہ سیٹلائٹ زمین پر قائم مشاہداتی مراکز اور ممکنہ طور پر خفیہ معلومات کے تبادلے کے انتظامات، ایک زیادہ مربوط انٹیلی جنس، نگرانی اور جاسوسی (آئی ایس آر) نیٹورک کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی وہ لکھتے ہیں کہ ’’اس کے ہماری فوجی نقل و حرکت، آپریشنل سلامتی اور حساس تنصیبات پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔‘‘
پون کھیڑا کا کہنا ہے کہ اس معاملہ پر مرکزی حکومت کی فوری توجہ ضروری ہے۔ لیکن ایک ایسے وقت میں جب قومی سلامتی کے معاملات کو مسلسل چیلنج کیا جا رہا ہے اور ان کی نئی تشریح ہو رہی ہے، مودی انتہائی غیر متوقع مقامات سے خیالی لوگوں کی طرف ہاتھ ہلانے میں مصروف ہیں۔ ساتھ ہی کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’پروردگار ہندوستان کی حفاظت کرے کیونکہ اسے مودی جیسے خود پرست شخص کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔