
دہلی میں انڈین یوتھ کانگریس کا احتجاج / تصویر آئی وائی سی
نئی دہلی: چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور الیکشن کمیشن کے کام کاج کے طریقۂ کار کو لے کر ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعہ کو انڈین یوتھ کانگریس (آئی وائی سی) نے نئی دہلی میں رائسینا روڈ سے جنتر منتر تک مارچ نکالا اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ کارکنان نے کہا کہ ووٹ کے ساتھ کھلواڑ کا حساب دینا ہوگا اور گیانیش کمار کو اس کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انڈین یوتھ کانگریس کے صدر ادے بھانو چِب نے کہا کہ ’’ہم آگے بڑھیں گے اور بڑھتے رہیں گے، کوئی ہمیں روک نہیں سکتا۔‘‘ انہوں نے گیانیش کمار پر سخت الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو دھوکہ دینے کے بعد اگر انہیں لگتا ہے کہ وہ بچ جائیں گے تو ایسا ہرگز نہیں ہوگا۔
ادے بھانو چِب نے کہا کہ اگر گیانیش کمار نے ملک چھوڑنے کی کوشش کی تو یوتھ کانگریس کے کارکن ہر ایئرپورٹ پر موجود ہوں گے اور انہیں وہیں روک لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوتھ کانگریس اس معاملے پر خاموش نہیں رہے گی اور گیانیش کمار کے جیل جانے تک احتجاج جاری رکھے گی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ گیانیش کمار نے 140 کروڑ ملک کے باشندوں کے ووٹ دینے کے حق کو متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ جدوجہد صرف کانگریس کی نہیں بلکہ ملک کے ہر شہری اور ان نوجوانوں کی بھی ہے جن کے ووٹ کاٹے گئے ہیں۔
ادے بھانو چِب نے سوال اٹھایا کہ یہ سب کس کے اشارے پر کیا جا رہا ہے اور اس کے پیچھے کون لوگ ہیں جو اقتدار برقرار رکھنے کے لیے ملک اور جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام بیدار ہو چکی ہے اور ملک میں ہونے والی ’’چوری‘‘ کا حساب مانگ رہی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
تصویر آئی اے این ایس