
اگر آپ بیرون ممالک گھومنے کے شوقین ہیں تو آپ کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔ پوری دنیا میں اب ہندوستانی پاسپورٹ کی طاقت بڑھ گئی ہے۔ ’ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2026‘ کی تازہ رپورٹ کے مطابق ہندوستانی پاسپورٹ نے عالمی سطح پر لمبی چھلانگ لگائی ہے۔ ہندوستان اب 10 درجے اوپر چڑھ کر 75ویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ گزشتہ سال ہندوستان درجہ بندی میں 85ویں مقام پر تھا۔ اس کا واضح مطلب یہ ہے کہ اب ہندوستانیوں کے لیے دنیا کی سیر کرنا پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان ہونے والا ہے۔ اب آپ کو کئی ممالک کے سفر کے لیے ہفتوں پہلے ویزا کے لیے پریشان نہیں ہونا پڑے گا۔
Published: undefined
پاسپورٹ کی اس نئی درجہ بندی کا سب سے بڑا فائدہ ہندوستانی مسافروں کو ملنے والا ہے۔ اب آپ بغیر کسی پریشانی کے دنیا کے 56 ممالک میں بے فکر ہو کر گھوم سکتے ہیں۔ ان ممالک میں یا تو آپ کو ویزا کی ضرورت نہیں ہوگی، یا پھر وہاں پہنچتے ہی آپ کو ویزا-آن-ارائیول اور ای-ویزا کی سہولت مل جائے گی۔ خواہ آپ کو کیریبیئن جزائر کے ساحلوں پر آرام کرنا ہو یا افریقہ اور ایشیا کے خوبصورت ممالک کی سیر کرنی ہو، اب آپ کا ہندوستانی پاسپورٹ آپ کے سفر کو مزید آسان بنا دے گا۔
Published: undefined
واضح رہے کہ پوری دنیا میں ’ہینلے پاسپورٹ انڈیکس‘ کو پاسپورٹ کی مضبوطی کا سب سے قابل اعتماد پیمانہ مانا جاتا ہے۔ یہ انڈیکس انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) کے ڈیٹا کا استعمال کر کے یہ بتاتا ہے کہ کس ملک کا شہری کتنی آسانی سے بین الاقوامی سفر کر سکتا ہے۔ درجہ بندی جتنی بہتر ہوگی، اس ملک کے شہریوں کو دوسرے ممالک میں داخل ہونے کی اتنی ہی زیادہ آزادہ ہوگی۔
Published: undefined
پاسپورٹ کی درجہ بندی میں سنگاپور ایک بار پھر پہلے مقام پر ہے، جہاں کے شہری دنیا کے 192 ممالک میں بغیر ویزا کے داخل ہو سکتے ہیں۔ دوسرے مقام پر جاپان اور جنوبی کوریا قابض ہیں، جن کے پاسپورٹ پر 187 ممالک میں بغیر ویزا سفر کیا جا سکتا ہے۔ تیسرے نمبر پر سویڈن اور یو اے ای نے اپنی جگہ بنائی ہے، جہاں کے مسافر 186 ممالک میں بغیر ویزا کے داخل ہو سکتے ہیں۔
Published: undefined
چوتھے مقام پر یورپی ممالک کا دبدبہ نظر آتا ہے، جہاں بیلجیم، ڈنمارک، فنلینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، لکسمبرگ، اسپین، سوئٹزرلینڈ، نیدرلینڈ اور ناروے جیسے 12 ممالک شامل ہیں۔ ان تمام ممالک کے شہریوں کو 185 ممالک میں فری داخلہ ملتا ہے۔ پانچویں مقام پر آسٹریا، یونان، مالٹا اور پرتگال ہیں، جن کے پاس 184 ممالک تک بغیر ویزا رسائی حاصل ہے۔ چھٹے سے دسویں مقام کے درمیان دنیا کے بڑے ممالک کا قبضہ ہے۔ اس میں نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، کناڈا، ملیشیا اور امریکہ جیسے مملک شامل ہیں۔ اگر امریکی پاسپورٹ کی بات کریں تو وہاں کے شہری بغیر ویزا کے دنیا کے 179 ممالک کا سفر کر سکتے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر نیاز عالم