قومی خبریں

ایس آئی آر کے خلاف انڈیا بلاک کا احتجاجی مظاہرہ آج، پارلیمنٹ سے الیکشن کمیشن تک ہوگا مارچ، سیکورٹی سخت

مارچ میں کانگریس صدر کھڑگے، رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو، ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی سمیت اپوزیشن کے کئی سرکردہ لیڈران شامل ہوں گے۔

<div class="paragraphs"><p>انڈیا بلاک کی میٹنگ کا منظر، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/INCIndia">@INCIndia</a></p></div>

انڈیا بلاک کی میٹنگ کا منظر، تصویر ’ایکس‘ @INCIndia

 

الیکشن کمیشن کے طریقۂ کار اور ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) معاملہ پر اپوزیشن پارٹیاں مسلسل حملہ آور ہیں۔ خاص طور سے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ آج اس معاملہ پر اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ دہلی کی سڑکوں پر اترے گا۔ انڈیا بلاک کے لیڈران پارلیمنٹ ہاؤس سے الیکشن کمیشن کے ہیڈکوارٹر تک مارچ نکالیں گے، جس کے پیش نظر سخت سیکورٹی انتظامات دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

موصولہ اطلاع کے مطابق اس مارچ میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو، ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی سمیت اپوزیشن کے کئی سرکردہ لیڈران اور اراکین پارلیمنٹ شامل ہوں گے۔ جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس سے پتہ چلتا ہے کہ تقریباً 19 اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران آج دہلی میں الیکشن کمیشن کا گھیراؤ کریں گے اور ’سیو ڈیموکریسی مارچ‘ (تحفظ جمہوریت مارچ) نکالیں گے۔ تمام لیڈران پارلیمنٹ سے الیکشن کمیشن کے ہیڈکوارٹر تک تقریباً 3 کلومیٹر پیدل سفر کریں گے۔ سامنے آئی جانکاری کے مطابق تمام اراکین پارلیمنٹ صبح 10.30 بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے ’مکر دوار‘ پر جمع ہوں گے اور اس کے بعد 11 بجے مارچ شروع کریں گے۔

اپوزیشن لیڈران کے مجوزہ احتجاج سے قبل سیکورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ پارلیمنٹ مارگ، الیکشن کمیشن کے دفتر اور جنتر منتر پر پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے اور نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے کئی سطح کی بیریکیڈنگ کی گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 5 اکتوبر کو کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ تمام اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ 6 اکتوبر کو پارلیمنٹ ہاؤس سے الیکشن کمیشن تک پُرامن مارچ نکالیں گے۔ یہ مارچ مبینہ ووٹ چوری کے معاملے اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو ہٹانے کے مطالبہ کو لے کر انڈیا بلاک کے منصوبہ بند پروگراموں کا حصہ ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔