
اتر پردیش کے مرادآباد میں تیز رفتار بولیرو نے سڑک کنارے کھیل رہے 6 بچوں کو کچل دیا۔ اس حادثہ میں 2 بچوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ 4 بچے شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ اس واقعہ کے بعد پورے علاقے میں افراتفری مچ گئی۔ حادثہ کے بعد مشتعل گاؤں والوں نے ڈرائیور کو پکڑ لیا اور تقریباً 4 گھنٹے تک اسے یرغمال بنائے رکھا۔
حادثہ سے برہم دیہی باشندے ڈرائیور کو خود سزا دینے کی ضد پر اڑ گئے۔ پولیس نے انہیں سمجھانے کی بہت کوشش کی، لیکن کوئی بھی اس کی بات سننے کو تیار نہیں تھا۔ رات تقریباً 8.30 بجے پولیس نے لاٹھیوں کا استعمال کر ڈرائیور کو بھیڑ کے درمیان سے باہر نکالا۔ پولیس اس معاملے میں مزید کارروائی کر رہی ہے۔
یہ دردناک واقعہ مونڈھا پانڈے تھانہ علاقے کے مڑھیا بھائپور گاؤں کا ہے، جہاں بچے اپنے گھروں کے باہر سڑک کنارے کھیل رہے تھے۔ اسی دوران کرن پور سے مونڈھا پانڈے کی طرف جا رہی تیز رفتار بولیرو نے بچوں کو کچل دیا۔ اس کے بعد بولیرو کی زد میں پکوان فروخت کرنے والا ایک شخص اور اس کی ماں بھی آ گئے، جس سے وہ دونوں بھی بری طرح زخمی ہو گئے۔
اس دردناک حادثہ میں رنویر سنگھ کی بیٹی چترا اور اندل کے بیٹے انش کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ انش کی منگل کو سالگرہ بھی تھی۔ وہیں، اِچھا، مہک اور آیوش شدید زخمی ہو گئے۔ ان تینوں کے علاوہ ایک دیگر زخمی بچے کو بھی علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ حادثے کے بعد گاؤں والوں نے سڑک پر جام لگا دیا۔ مشتعل بھیڑ نے ڈرائیور کو پکڑ کر اس کی پٹائی کی اور اسے یرغمال بنا لیا۔
حادثہ کے بعد گاؤں والوں نے زبردست ہنگامہ کیا اور ملزم ڈرائیور کو پولیس کے حوالے کرنے کے بجائے خود سزا دینے کے مطالبے پر اڑ گئے۔ اس دوران موقع پر سینکڑوں افراد جمع ہو گئے۔ پولیس تقریباً 2 گھنٹے تک گاؤں والوں کو سمجھاتی رہی، لیکن وہ ماننے کو تیار نہیں ہوئے۔ آخرکار رات تقریباً 8.30 بجے پولیس نے لاٹھیاں بھانج کر ڈرائیور کو بھیڑ کے درمیان سے بحفاظت باہر نکالا اور اپنے ساتھ لے گئی۔ مراد آباد کے ایس پی سٹی کمار رنوے سنگھ نے بتایا کہ اس واقعہ میں 2 بچوں کی موت ہوئی ہے، جبکہ 4 بچے زخمی ہوئے ہیں، جن کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے بولیرو کار اور اس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔ معاملے میں مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔