پی ایم مودی، ویڈیو گریب
وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز ’من کی بات‘ پروگرام کی 140ویں قسط میں منشیات کے مسئلے پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے خوابوں کے سامنے منشیات ایک بڑا چیلنج ہے۔ اس دوران وزیر اعظم مودی نے منشیات کے خلاف معاشرے میں بڑھتی ہوئی سرگرمیوں اور زور و شور سے جاری ’نشہ مکت یوا ابھیان‘ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم مودی نے پروگرام میں سب سے پہلے منشیات کے مسئلے کو موضوع بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ’من کی بات‘ سماج کے ہر طبقے اور ملک کے ہر حصے کی کامیابیوں کو سامنے لانے کا ایک پلیٹ فارم ہے اور اس میں ہم سماج کو درپیش چیلنجوں پر بھی بات کرتے ہیں اور لوگوں کو بیدار بھی کرتے ہیں۔ آج ’من کی بات‘ میں سب سے پہلے ایسے ہی موضوع کو اٹھا رہا ہوں اور وہ ہے ’ڈرگس‘ یعنی ’منشیات کی لت‘۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آج دنیا بھر میں ہندوستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کا ذکر ہو رہا ہے۔ ہمارے نوجوان بڑے بڑے خواب دیکھ رہے ہیں اور انہیں پورا کرنے کے لیے پوری جانفشانی کر رہے ہیں، لیکن نوجوانوں کے ان خوابوں کے سامنے منشیات ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اطمینان ہے کہ آج ملک میں منشیات کے خلاف سماج کی سرگرمی بڑھ رہی ہے۔ ’نشہ مکت یوا ابھیان‘ بھی زور و شور سے چل رہا ہے۔ ہمارے سامنے ایسی کئی حوصلہ افزا مثالیں آ رہی ہیں، جہاں نوجوانوں نے اپنی قوت ارادی سے منشیات کی لت پر قابو پایا ہے۔ وہ انتہائی مشکل حالات سے لڑ کر باہر نکلے ہیں۔ انہوں نے خود سے مقابلہ کیا اور اپنی زندگی کو ایک نئی سمت دی ہے۔
پروگرام کے دوران وزیر اعظم مودی نے ایک نوجوان سے بات کی، جس نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے منشیات کی لت سے چھٹکارا حاصل کیا اور اپنی زندگی کو دوبارہ سنوارا۔ اس سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دوست میں آپ کو ایک بار پھر بہت بہت مبارک باد دوں گا کہ آپ منشیات کی اس خطرناک لت سے باہر نکل آئے۔ آپ نے ثابت کیا ہے کہ جب قوت ارادی ہو تو کوئی بھی ہدف ناممکن نہیں رہ جاتا۔ نوجوان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کی باتیں سن کر ایسے بہت سے نوجوانوں کو حوصلہ ملے گا، جو منشیات کی لت چھوڑنا چاہتے ہیں۔ خاندان اور ملک کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ اس کی نوجوان نسل منشیات سے محفوظ رہے۔ آپ کو بہت بہت نیک خواہشات۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔