قومی خبریں

’ایودھیا میں گولی چلی تو ملائم ذمہ دار، دہلی میں چلی تو انتظامیہ، یہ دوہرا پیمانہ کیوں؟‘ رام گوپال نے راہل کا کیا دفاع

مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے لوک سبھا میں کہا تھا کہ ’’گولی چلانے کا حکم کسی بھی وزیر کی جانب سے نہیں دیا جاتا۔ یہ حکم مجسٹریٹ جاری کرتا ہے یا پھر کوئی افسر دیتا ہے۔‘‘

رام گوپال یادو، تصویر آئی اے این ایس
رام گوپال یادو، تصویر آئی اے این ایس 

پیپر لیک کے خلاف لوک سبھا میں لائے گئے بل پر بحث کے دوران قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے الزام عائد کیا تھا کہ وزیر داخلہ کے کہنے پر ہی مظاہرین کے خلاف کارروائی کی گئی اور گولی چلائی گئی تھی۔ اس پر حکومت نے کہا کہ گولی چلانے کا حکم افسر دیتے ہیں، حکومت نہیں۔ بی جے پی حکومت کی اس صفائی پر سماجوادی پارٹی نے مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ راجیہ سبھا رکن رام گوپال یادو نے کہا کہ ’’میں لوگوں سے یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ جب ایودھیا میں گولی چلی تھی تو ملائم سنگھ کو اس کے حکم کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا، لیکن جب یہاں (دہلی میں مظاہرین پر) گولی چلی تو اس کا ذمہ دار انتظامیہ کو قرار دیا گیا۔ ذرا دوہرا پیمانہ تو دیکھیے۔‘‘

رام گوپال یادو سے قبل سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ویریندر سنگھ نے کہا کہ ’’ایوان کے اندر حکومت نے جو جواب دیا اس کا مطلب یہی ہے کہ طلبہ پر گولیاں چلانا اور گولیاں جو چلیں، پہلے تو گولیاں نہیں چلیں، لیکن اگر گولیاں چلیں تو یہ حکم وزیر داخلہ کی جانب سے نہیں دیا گیا۔ اس معاملے میں حکومت نے اپوزیشن کو جانکاری نہ ہونے کی بات کہی۔ ایسے میں سوال اٹھتا ہے کہ ان کی یہ جانکاری تب کہاں چلی جاتی ہے جب وہ ایودھیا معاملے میں ملائم سنگھ پر الزام عائد کرتے ہیں کہ ان کے حکم پر گولیاں چلی تھیں۔ یہ ان لوگوں کے دوہرے پیمانے کو بے نقاب کرتا ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے بدھ کو اینٹی پیپر لیک بل پر بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’’قائد حزب اختلاف نے الزام عائد کیا کہ وزیر داخلہ نے گولی چلانے کا حکم دیا لیکن وہ اسے ثابت کرنے میں ناکام رہے۔ گولی چلانے کا حکم کسی بھی وزیر کی جانب سے نہیں دیا جاتا۔ یہ حکم مجسٹریٹ جاری کرتا ہے یا پھر کوئی افسر دیتا ہے۔ راہل گاندھی کا بیان غیرذمہ دارانہ ہے۔‘‘ حالانکہ اس بیان پر اپوزیشن پارٹی کے کئی لیڈران نے انھیں تنقید کا نشانہ بنایا۔

اس سے قبل راہل گاندھی نے 20 جولائی کو دہلی میں مظاہرین طلبا پر مبینہ طور پر کیے گئے وحشیانہ سلوک کو لے کر لوک سبھا میں وزیر داخلہ امت شاہ پر سخت حملہ بولا جس پر ایوان میں ہنگامہ ہو گیا۔ انہوں نے 20 جولائی کے تشدد کے لیے وزیر داخلہ کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ اس کے بعد راہل گاندھی نے پریس کانفرنس کہا کہ امت شاہ کو برخاست کر کے پورے معاملے کی سپریم کورٹ کی نگرانی میں اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی سے جانچ کرائی جائے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔