قومی خبریں

آئی سی ایم آر-سمپدا کی رپورٹ نے حکومت کی ناکامی ایک بار پھر ظاہر کر دی: کانگریس

پون کھیڑا نے کہا کہ آئی سی ایم آر کی رپورٹ کے مطابق خواتین، نوعمر لڑکیوں اور بچوں میں خون کی کمی کے تقریباً نصف معاملات کی وجہ آئرن کی کمی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>پون کھیڑا / تصویر قومی آواز / ویپن</p></div>

پون کھیڑا / تصویر قومی آواز / ویپن

 

ملک میں غذائی قلت اور خواتین میں خون کی کمی سے متعلق آئی سی ایم آر-سمپدا کی رپورٹ سرخیوں میں ہے۔ اس رپورٹ نے مرکز کی مودی حکومت کو ایک بار پھر کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا نے اس معاملہ میں حکومت کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’حکومت باقاعدگی سے آنگن واڑی مراکز کی تعداد، اضافی غذائیت حاصل کرنے والے مستفیدین، تقسیم کیے گئے کھانوں، فراہم کی جانے والی آئرن کی گولیوں اور غذائیت سے بھرپور چاول کی فراہمی کے اعداد و شمار کی تشہیر کرتی رہتی ہے۔ لیکن یہ اعداد و شمار منصوبوں کی سرگرمیوں کو ظاہر کرتے ہیں، غذائیت کی صورت حال میں بہتری کو نہیں۔‘‘

پون کھیڑا کا کہنا ہے کہ غذائیت کی صورت حال جاننے کی اصل کسوٹی یہ ہے کہ کیا ان اقدامات سے خون کی کمی، جسمانی کمزوری، بچوں کی نشوونما میں رکاوٹ اور کھانے میں استعمال کی جانے والی غذائی اجزا کی کمی میں کسی طرح کی کمی آ رہی ہے یا نہیں۔ ’ایکس‘ پر جاری اپنی اس پوسٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’اس کسوٹی پر آئی سی ایم آر-سمپدا (ICMR-SAMPADA) کی رپورٹ ظاہر کرتی ہے کہ حکومت ایک بار پھر ناکام رہی ہے۔‘‘

کانگریس لیڈر کا کہنا ہے کہ سمپدا کی رپورٹ کے نتائج خاص طور پر خون کی کمی کے معاملے میں چشم کشا ہیں، کیونکہ اس کی وجہ صرف آئرن کی کمی نہیں ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’آئی سی ایم آر کی رپورٹ کے مطابق خواتین، نوعمر لڑکیوں اور بچوں میں خون کی کمی کے تقریباً نصف معاملات کی وجہ آئرن کی کمی ہے۔ باقی معاملات کی وجوہات میں انفیکشن، ہیموگلوبن سے متعلق عوارض اور جسم میں سوزش شامل ہیں۔‘‘ انھوں نے بتایا کہ اس سے پالیسی سے متعلق ایک جائز سوال پیدا ہوتا ہے، اور وہ سوال یہ ہے کہ کیا آئرن کی اضافی خوراک اور غذائیت سے بھرپور چاول پر مرکوز طریقۂ کار ہندوستان کے غذائی بحران سے نمٹنے کے لیے جامع ہے؟ سوشل میڈیا پوسٹ کے آخر میں پون کھیڑا لکھتے ہیں کہ ’’ہندوستان کو اس سے کہیں زیادہ باریک بینی پر مبنی حکمت عملی کی ضرورت ہے، جس میں درست تشخیص، ہدف کے مطابق علاج اور آبادی کے مختلف طبقات کی ضروریات کے مطابق غذائی اقدامات شامل ہوں، نہ کہ مودی کی اعداد و شمار گنوانے پر مبنی بے خبری کی جگل بندی۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔