قومی خبریں

انڈیا بلاک کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ بھائی اسٹالن سے ملنے چنئی جا رہا ہوں: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’بھائی اسٹالن ہمیشہ تمل مخالف قوتوں کے خلاف چٹان کی طرح کھڑے رہے ہیں۔ قومی مفاد، تمل ناڈو کے مفاد اور آئین کے تحفظ کے لیے ہمیں مل کر اس بل کو شکست دینی ہوگی۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / ویڈیو گریب</p></div>

راہل گاندھی / ویڈیو گریب

 

مرکزی حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے والے مجوزہ حد بندی بل کے خلاف کانگریس نے ’انڈیا بلاک‘ سے ناراض ڈی ایم کے کو منانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’انڈیا بلاک کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ میں تھرو ایم کے اسٹالن سے ملاقات کرنے کے لیے چنئی جا رہا ہوں۔ ان سے اور ڈی ایم کے سے حد بندی سے متعلق آئینی ترمیمی بلوں کی مخالفت کرنے کی اپیل کروں گا۔‘‘ مجوزہ حد بندی بل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے راہل گاندھی نے لکھا کہ ’’850 نشستوں تک توسیع ہندوستان میں جمہوریت کو ختم کر دے گی۔ اس سے بی جے پی-آر ایس ایس کو اپنے فائدے کے لیے ہندوستان کے پورے انتخابی نقشے کو دوبارہ ترتیب دینے کی لامحدود گنجائش مل جائے گی۔‘‘

راہل گاندھی نے سابق تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ کو اپنا بھائی بتاتے ہوئے لکھا کہ ’’بھائی اسٹالن ہمیشہ تمل مخالف قوتوں کے خلاف چٹان کی طرح کھڑے رہے ہیں۔ قومی مفاد، تمل ناڈو کے مفاد اور آئین کے تحفظ کے لیے ہمیں مل کر اس بل کو شکست دینی ہوگی۔‘‘ حالانکہ راہل گاندھی نے اس ٹویٹ میں صرف ایم کے اسٹالن سے ملاقات کے لیے چنئی جانے کی بات کہی ہے اور یہ واضح نہیں کیا کہ ان کے ساتھ انڈیا بلاک کے کون کون سے رہنما جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے پیش نظر ہفتہ (28 نومبر) کو انڈیا بلاک کے رہنماؤں نے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی رہائش گاہ پر ایک اہم میٹنگ کی تھی۔ اس میٹنگ میں حد بندی اور خواتین کے ریزرویشن سے متعلق آئینی ترمیمی بل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس میں آر جے ڈی، ٹی ایم سی، آئی یو ایم ایل اور آر ایس پی جیسی سیاسی پارٹیوں نے شرکت کی تھی، جبکہ ڈی ایم کے اور این سی پی (ایس پی) نے اس میٹنگ سے دوری بنائے رکھی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔