قومی خبریں

تلنگانہ میں شدید بارش کا سلسلہ، سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل

سدی پیٹ ضلع کے حسن آباد میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کے نتیجہ میں لوگوں نے رات جاگ کر گزاری۔ بارش کا پانی دکانات میں بھی داخل ہوگیا جس کے سبب دکانداروں کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے

تصویر بشکریہ ٹوئٹر @RSPraveenSwaero
تصویر بشکریہ ٹوئٹر @RSPraveenSwaero 

حیدرآباد: تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد سمیت ریاست کے کئی اضلاع میں مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجہ میں کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا۔ بعض اضلاع میں سڑکیں ندی کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ ریاست کے مختلف مقامات پر گزشتہ پانچ دنوں سے جاری بارش کے نتیجہ میں کئی نہروں اور نالوں میں پانی کا شدید بہاو دیکھا جا رہا ہے۔ ورنگل ضلع کی 30 کالونیوں میں بارش کا پانی گھروں میں جمع ہوگیا۔ ان کالونیوں میں گھٹنوں تک پانی دیکھا گیا جس کے نتیجہ میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے نتیجہ میں ورنگل۔کھمم شاہراہ پر پانی جمع ہوگیا جس سے آمد ورفت متاثر ہوئی۔ چنتل برج کے قریب پانی دیکھا گیا جس سے گاڑیاں فیل ہوگئیں، تاہم بلدیہ اور پولیس کے اہلکاروں نے پانی کی نکاسی کا کام کروایا جس کے بعد گاڑیوں کی روانگی میں آسانی ہوئی۔

Published: undefined

کلکٹر کے دفتر میں ہیلپ ڈیسک کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ہنمکنڈہ کے بھرت سنگھ نگر میں لوگوں کو فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ ورنگل رورل ضلع کے پرکال میں نہر، تالاب لبریز ہوگئے۔ اس علاقہ کی دو کالونیوں میں پانی جمع ہوگیا۔ سدی پیٹ ضلع کے حسن آباد میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کے نتیجہ میں لوگوں نے رات جاگ کر گزاری۔ بارش کا پانی دکانات میں بھی داخل ہوگیا جس کے سبب دکانداروں کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ضلع کے کوہیڑا منڈل کے بسواپور کے قریب برج پر پانی جمع ہوگیا۔ بارش کے پانی کے سبب برج پر لاری الٹ گئی۔ لاری کے ڈرائیور کو مقامی افراد نے بچایا۔

Published: undefined

متحدہ ضلع کھمم کے چنتاکانی منڈل کے چنا مانڈوا علاقہ کے حدود میں مُنیرو نہر میں پانی کا شدید بہاو درج کیا گیا۔ نظام آباد ضلع کے سری کونڈا منڈل کی کُنڈور نہر میں تعمیر کردہ عارضی پُل ٹوٹ گیا جس کے نتیجہ میں سری کونڈہ، دھرپلی منڈلوں کے درمیان آمد ورفت شدید طورپر متاثر ہوئی۔ اندل وائی منڈل کے ملاپور تالاب میں بھی پانی کا شدید بہاو دیکھا گیا۔ وینگل پاڈو چیک ڈیم لبریز ہوگیا۔ سوریہ پیٹ ضلع کے ویلگوپلی کے قریب رُدرما تالاب کا پانی کھیتوں میں داخل ہوگیا جس کے نتیجہ میں فصلوں کو نقصان پہنچا۔ ضلع کے موتے منڈل کے اُورلوونڈا منڈل کے پالیر بابو تالاب کے لبریز ہونے سے بھی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شدید بارش کے نتیجہ میں مُلگ ضلع کے اہم سیاحتی مقام لکناورم تالاب لبریز ہوگئے۔ اس تالاب میں سیاحوں کے لئے بنائے گئے عارضی پُل تک میں پانی جمع ہوگیا جس کے بعد یہاں آنے کی سیاحوں کو اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔

Published: undefined

ضلع کریم نگر میں بھی شدید بارش دیکھی گئی جس کے نتیجہ میں حضورآباد، شنکر پٹنم، سیداپور، جمی کنٹہ اور دیگر منڈلوں میں نہریں لبریز ہوگئیں۔ شنکرپٹنم منڈل کے میٹوپلی تالاب میں پانی کا شدید بہاو دیکھا گیا جس کے نتیجہ میں حضورآباد کے ویناونکا علاقہ تک آمد ورفت متاثر ہوئی۔ ضلع رنگاریڈی کے شمس آباد منڈل کے کُومری گوڑہ علاقہ میں شدید بارش ہونے کی اطلاع ہے۔

Published: undefined

اسی اثنا میں ہفتہ کو ہندوستانی محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ دو دنوں کے دوران تلنگانہ کے متعدد اضلاع میں شدید سے شدید ترین بارش ہوگی۔ پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ آئندہ دو دنوں کے دوران حیدرآباد میں بھی ہلکی تا اوسط یا پھر گرج وچمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ محکمہ موسمیات نے یہ بھی انتباہ دیا کہ بارش کا پانی نشیبی علاقوں کی سڑکوں پر جمع ہوسکتا ہے۔ اس نے عوام سے خواہش کی ہے کہ وہ اپنی نقل وحرکت کو محدود رکھیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined