قومی خبریں

ممبئی میں موسلا دھار بارش سے فضائی آپریشن متاثر، رن وے ایک گھنٹے بند، بیشتر پروازیں تاخیر کا شکار

ممبئی میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رن ویز ایک گھنٹے بند رہے۔ بیشتر پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت دی گئی

<div class="paragraphs"><p>ممبئی میں بارش / آئی اے این ایس</p></div>

ممبئی میں بارش / آئی اے این ایس

 

ممبئی میں اتوار کو ہونے والی شدید بارش اور تیز ہواؤں نے فضائی آمد و رفت کو بری طرح متاثر کر دیا۔ خراب موسمی حالات کے باعث چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تمام رن ویز پر تقریباً ایک گھنٹے تک پروازوں کی آمد و رفت معطل رہی، جس کے نتیجے میں درجنوں اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں اور ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

Published: undefined

ہوائی اڈے کے حکام کے مطابق شدید بارش کے باعث صبح تقریباً 10 بجے منٹ پر حدِ نگاہ میں نمایاں کمی آ گئی تھی، جبکہ تیز ہواؤں کی رفتار 42 ناٹ تک پہنچ گئی تھی۔ ان غیر معمولی موسمی حالات کے پیش نظر حفاظتی ضابطوں کے مطابق رن ویز پر تمام آپریشن عارضی طور پر روک دیے گئے تاکہ مسافروں، طیاروں اور ہوائی اڈے پر تعینات عملے کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

حکام نے بتایا کہ موسم میں بہتری آنے کے بعد تقریباً 11 بج کر 17 منٹ پر رن ویز کو دوبارہ کھول دیا گیا اور فضائی آپریشن مرحلہ وار معمول پر لایا گیا۔ تاہم ایک گھنٹے کی اس بندش کے اثرات دن بھر محسوس کیے گئے اور متعدد پروازوں کے شیڈول بری طرح متاثر ہوئے۔

Published: undefined

پروازوں کے اعداد و شمار مرتب کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق ہوائی اڈے سے روانہ ہونے والی تقریباً 87 فیصد پروازیں مقررہ وقت سے تاخیر کے ساتھ روانہ ہوئیں، جبکہ 62 فیصد پروازیں اپنی منزل پر بھی تاخیر سے پہنچیں۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق روانگی کی پروازوں میں اوسطاً پچھتر منٹ جبکہ آمد کی پروازوں میں کم از کم اٹھائیس منٹ کی تاخیر ریکارڈ کی گئی۔

شدید بارش کا اثر صرف فضائی خدمات تک محدود نہیں رہا بلکہ ممبئی کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے، ٹریفک کی رفتار سست ہونے اور روزمرہ سرگرمیوں میں بھی خلل کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کے متعدد علاقوں میں دو سو ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ چند حساس مقامات پر بارش کی مقدار تین سو ملی میٹر سے بھی تجاوز کر گئی، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا۔

Published: undefined

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور صرف ہنگامی ضرورت کی صورت میں ہی سفر کریں۔ شہری انتظامیہ نے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور ممکنہ آبی جماؤ، ٹریفک اور دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت بھی دی ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بھی ممبئی اور اس کے نواحی علاقوں میں مزید بارش اور تیز ہواؤں کا امکان برقرار ہے، جس کے باعث فضائی خدمات اور شہری زندگی مزید متاثر ہو سکتی ہے۔ حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہوائی اڈے روانہ ہونے سے قبل اپنی پرواز کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کر لیں تاکہ غیر ضروری پریشانی سے بچا جا سکے۔

Published: undefined

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined