
حج بیت اللہ / فائل تصویر / Getty Images
نئی دہلی: حج کمیٹی آف انڈیا نے فریضہ حج 2027 کے لیے منتخب عازمین کو پیشگی رقم جمع کرانے کے لیے مزید مہلت دیتے ہوئے آخری تاریخ 17 اگست مقرر کردی ہے۔ کمیٹی نے اپنے گشتی مراسلہ نمبر 6، مجریہ 10 اگست کے ذریعے قلیل مدتی حج کے پہلے مرحلے میں منتخب تمام امیدواروں کو بھی منظوری فراہم کردی ہے۔
حج کمیٹی آف انڈیا کے فیصلے کے مطابق اب حج 2027 کے لیے منتخب عازمین فی کس ایک لاکھ باون ہزار تین سو روپے کی پیشگی رقم 17 اگست تک جمع کراسکتے ہیں۔
اس سے قبل پیشگی رقم جمع کرانے کی مقررہ مدت ختم ہونے کے باعث متعدد منتخب عازمین میں تذبذب پایا جارہا تھا، تاہم مدت میں توسیع اور قلیل مدتی حج کے تمام منتخب امیدواروں کی منظوری سے ان کے لیے صورتحال واضح ہوگئی ہے۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے پیشگی رقم جمع کرانے کی مدت میں توسیع اور قلیل مدتی حج کے پہلے مرحلے میں منتخب تمام امیدواروں کو منظوری دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے اسے ایک مستحسن قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے عازمین کے درمیان پائے جانے والے تذبذب کا خاتمہ ممکن ہوسکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو مختلف مراحل پر ضروری سہولیات اور خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ سطح پر اقدامات جاری ہیں۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی بھی حج سے متعلق انتظامات کو بروقت مکمل کرنے کے لیے تیاریوں میں مصروف ہے۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے بتایا کہ کمیٹی نے عازمین حج کے لیے ضروری انتظامات کی تیاری قبل از وقت شروع کردی ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ کیا جارہا ہے تاکہ حج کے مختلف مراحل کے دوران عازمین کو درکار سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
اشفاق احمد عارفی نے واضح کیا کہ پیشگی رقم جمع کرانے کی مدت میں آئندہ کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔ لہٰذا جو منتخب عازمین 17 اگست تک مقررہ رقم جمع نہیں کرائیں گے، ان کی حج کی نشست بغیر کسی پیشگی اطلاع کے منسوخ کی جاسکتی ہے۔
منتخب عازمین پیشگی رقم حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن جمع کراسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کی گئی متعلقہ بینک کی مخصوص پی سلپ کے ذریعے رقم جمع کرائی جاسکتی ہے۔ رقم جمع کراتے وقت عازمین کو اپنا بینک ریفرنس درج کرنا ہوگا۔
حج کمیٹی کے مطابق پیشگی رقم جمع کرنے کے بعد عازمین کو طبی جانچ، ضروری دستاویزات جمع کرانے اور تربیتی پروگرام سے متعلق مزید کارروائی کے لیے الگ سے اطلاع فراہم کی جائے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔