قومی خبریں

’گیانیش کمار کے آقا نریندر مودی نے ملک کے ہر ادارہ کو تہس نہس کر دیا‘، پریس کانفرنس میں پون کھیڑا کا تلخ تبصرہ

پون کھیڑا نے کہا کہ ملک بھر میں ایس آئی آر کے ذریعہ گیانیش کمار نے 13 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو ووٹ کے حق سے محروم کر دیا۔ اس کی قلعی راہل گاندھی کافی وقت سے کھول رہے تھے، اور آج سچائی سب کے سامنے ہے۔

<div class="paragraphs"><p>پریس کانفرنس کرتے ہوئے پون کھیڑا، ویڈیو گریب</p></div>

پریس کانفرنس کرتے ہوئے پون کھیڑا، ویڈیو گریب

 

وزیر اعظم نریندر مودی اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اس وقت کانگریس کے نشانے پر ہیں۔ ایس آئی آر سے متعلق ہوئے نئے انکشافات نے کانگریس کو حملہ آور ہونے کا موقع دے دیا ہے اور آج ملک گیر سطح پر کانگریس لیڈران و کارکنان سڑک پر نکل کر گیانیش کمار کے استعفیٰ کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔ اس درمیان کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا نے ایک پریس کانفرنس کر کچھ اہم باتیں میڈیا کے سامنے رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’جب آئین بنا، تب ایک بات پر بہت زور دیا گیا تھا کہ ملک کے ہر شہری کے ووٹ کی قیمت یکساں ہوگی۔ لیکن آج اقتدار میں ایسے آئین مخالف لوگ بیٹھ گئے ہیں، جنھوں نے وی آئی پی اور عام ووٹر کو الگ الگ زمروں میں تقسیم کر دیا ہے۔‘‘

پون کھیڑا نے بڑی تعداد میں ووٹرز کو حق رائے دہی سے محروم رکھے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملک بھر میں ایس آئی آر کے ذریعہ گیانیش کمار نے 13 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو ووٹ کے حق سے محروم کر دیا۔ اس کی قلعی راہل گاندھی کافی وقت سے کھول رہے تھے، لیکن کئی لوگ ماننے کو راضی نہیں تھے۔ لیکن آج حقیقت سب کے سامنے آ گئی ہے۔‘‘ وہ آگے کہتے ہیں کہ ’’الیکشن کمیشن نے تقریباً نصف دہلی والوں کے ووٹ کاٹ دیے، لیکن وی آئی پی ووٹرس کی الگ کیٹگری بنا دی۔‘‘ اس بارے میں اہم حقائق پیش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’حال ہی میں رپورٹرس کلیکٹیو نے رپورٹ میں بتایا تھا کہ ایس آئی آر سے منسلک افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ جلد از جلد وی آئی پی ووٹرس کو شناخت کر کے نشان زد کیا جائے۔ اب ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بی ایل او ایپ میں ایک نئی ’وی آئی پی‘ ووٹر کیٹگری بنا دی گئی ہے۔‘‘ وہ یہ بھی بتاتے ہیں کہ ’’بی ایل او ایپ میں جوڑے گئے اس فیچر میں کئی ورژن ہیں، جن میں ’وی آئی پی‘ ووٹر کیٹگری کا ذکر ہے اور الیکشن کمیشن سے جڑے عہدیدار ان وی آئی پی ووٹرس کے گھر گھر جا کر انھیں مارک (نشان زد) کریں گے۔‘‘

ایس آئی آر کے دوران بے ضابطگی کا ذکر بھی پون کھیڑا نے میڈیا کے سامنے بے باکی کے ساتھ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کے مسئلہ کا حل الیکشن کمیشن 2 گھنٹے میں کر دیتا ہے، لیکن شالیمار باغ میں کوئی سبزی فروخت کرنے والا ہو تو اسے دن بھر لائن میں کھڑا رہنا ہوگا، کیونکہ وہ وی آئی پی نہیں ہے۔ یہ نریندر مودی کا ’نیا ہندوستان‘ ہے۔‘‘ اس وی آئی پی کیٹگری کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے وی آئی پی دَرشن دیکھے، وی آئی پی قطار دیکھی، لیکن کبھی وی آئی پی ووٹر نہیں دیکھا تھا، لیکن گیانیش کمار نے ہمیں یہ بھی دکھا دیا۔‘‘

پون کھیڑا نے الزام عائد کیا کہ گیانیش کمار اس وقت پوری طرح سے نریندر مودی کی مٹھی میں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’نریندر مودی نے گیانیش کمار کی ایسی حالت کر دی ہے کہ اب وہ کہیں منھ نہیں دکھا پا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گیانیش کمار کے پروگرام پر کروڑوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، لیکن وہ پروگرام ہی کیسنل کر دے رہے ہیں۔‘‘ وہ اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’گیانیش کمار کے آقا نریندر مودی نے ملک کے ہر ادارہ کو تہس نہس کر دیا ہے۔ اسی طرح گیانیش کمار بھی الیکشن کمیشن کو تنہا ہانک رہے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ انھوں نے باقی دونوں الیکشن کمشنرز کی بھی نہیں سنی۔‘‘

میڈیا کے سامنے کانگریس لیڈر نے پی ایم مودی کو ’تاناشاہ‘ اور گیانیش کمار کو ’نصف تاناشاہ‘ تک کہہ ڈالا۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’ویسے بھی تاناشاہ کا سفیر خود ’نصف تاناشاہ‘ ہی ہوتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ہریانہ، مہاراشٹر، بہار اور بنگال... یعنی یکے بعد دیگرے کئی ریاستوں میں ووٹ چوری کر حکومتیں بی جے پی کی جھولی میں ڈال دیں۔ لیکن اب گیانیش کمار کو ہمارا مشورہ ہے ’اِٹس ڈَن برو!‘ (اب ہو گیا بھائی!)‘‘ ساتھ ہی انھوں نے گیانیش کمار سے کہا کہ ’’اب راہل گاندھی کا مشورہ مان لو... استعفیٰ دو اور گواہ بن جاؤ۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔