
مراد آباد میں ایک دردناک واقعہ سامنے آیا ہے جس میں اپنی نابالغ بیٹی کو استحصال سے بچانے کے لیے مخالفت کی آواز اٹھانا اور غنڈہ صفت نوجوان کو سمجھانا 45 سالہ والد کے لیے موت کی وجہ بن گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ والد کو مبینہ طور پر نوجوان، اس کے دوستوں اور اہل خانہ نے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔ یہ واقعہ منگل کی شام کو مہیش پورہ گاؤں کا ہے۔ مہلوک ہری اوم ملزم نوجوان رنویر کی فیملی سے یہ شکایت کرنے گئے تھے کہ وہ ان کی 14 سالہ بیٹی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتا ہے۔
شکایت کرنے پر 24 سالہ رنویر نے اپنے دوستوں وکاس (23 سال)، شرما یادو (24 سال) اور امر سنگھ (26 سال) کے ساتھ ساتھ خاندان کے دیگر اراکین کے ساتھ مل کر ہری اوم کو اینٹوں اور ڈنڈوں سے بے رحمی سے پیٹا۔ پٹائی کی وجہ سے بری طرح زخمی والد نے بدھ کے روز اسپتال میں دَم توڑ دیا۔
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق سات ملزمین کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور رنویر کے ساتھ ساتھ اس کے دوستوں وکاس، شرما یادو اور امر سنگھ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ مراد آباد، پربھاکر چودھری نے کہا کہ "یہ پتہ چلا ہے کہ دونوں فیملی آپس میں رشتہ دار ہیں اور ان کے درمیان کچھ تنازعہ چل رہا تھا۔"
ایس پی سٹی امت کمار آنند نے کہا کہ "ہری اوم کی موت کے بعد ان کے گھر والوں اور کچھ مقامی لوگوں نے پولس اسٹیشن کے باہر دھرنا دیا۔ مقامی پولس کی جانب سے لاپروائی سامنے آئی ہے کیونکہ پولس کارروائی میں تاخیر ہوئی تھی۔ جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے۔"
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔