قومی خبریں

گریٹر نوئیڈا: الیکٹرانک چِپ فیکٹری میں آگ بجھانے کے دوران دردناک حادثہ، دیوار گرنے سے 2 فائر بریگیڈ اہلکاروں کی موت

پولیس کے مطابق ایکوٹیک-3 میں موجود ’آئی ایل جی آئی ایم‘ کمپنی میں رات تقریباً 3 بجے اچانک آگ لگ گئی۔ اس کمپنی میں الیکٹرانک پی سی بی چِپ بنانے کا کام ہوتا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائر بریگیڈ</p></div>

فائر بریگیڈ

 

تصویر قومی آواز / وپن

اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا واقع ایکوٹیک-3 تھانہ علاقہ میں موجود ایک پرائیویٹ کمپنی میں خوفناک آگ لگنے سے بڑا حادثہ پیش آیا۔ آگ بجھانے کے دوران کمپنی کی دیوار اور لوہے کا بیم گرنے سے 5 فائر بریگیڈ اہلکار شدید زخمی ہو گئے، جن میں سے 2 کی علاج کے دوران موت ہو گئی۔ یہ حادثہ 3 اور 4 اگست کی درمیانی شب تقریباً 3 بجے پیش آیا۔

پولیس کے مطابق ایکوٹیک-3 میں موجود ’آئی ایل جی آئی ایم‘ کمپنی میں رات تقریباً 3 بجے اچانک آگ لگ گئی۔ اس کمپنی میں الیکٹرانک پی سی بی چِپ بنانے کا کام ہوتا ہے۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچ گئیں۔ فائر ٹیم نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کا کام شروع کیا اور کچھ ہی دیر میں آگ بجھا دی گئی۔ لیکن آگ بجھانے کے دوران ہی ایک بڑا حادثہ پیش آ گیا۔ کمپنی کی ایک جانب کی دیوار اور لوہے کا ایک بیم اچانک بھربھرا کر گر پڑا۔ اس کی زد میں آنے سے 5 فائر بریگیڈ اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔

زخمی ہونے والوں میں ہیڈ کانسٹیبل ڈرائیور راج پال سنگھ، فائر مین منیش کمار، ہیڈ کانسٹیبل ڈرائیور تیرتھ پال سنگھ، فائر مین امت کمار اور فائر مین روہت یادو شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے علاج شروع کیا۔ علاج کے دوران ڈاکٹروں نے فائر مین روہت یادو اور ہیڈ کانسٹیبل ڈرائیور تیرتھ پال سنگھ کو مردہ قرار دے دیا۔ باقی 3 زخمی فائر بریگیڈ اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔ حادثے کے بعد موقع پر پولیس افسران کے ساتھ ایس ڈی آر ایف کی ٹیم بھی پہنچ گئی۔ پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

یہ حادثہ ان فائر بریگیڈ اہلکاروں کی جان پر بن آیا جو لوگوں کی جان اور املاک کو بچانے کے لیے آگ بجھانے میں مصروف تھے۔ اس حادثہ نے ایک بار پھر آگ بجھانے کے دوران فائر ٹیموں کی حفاظت کو لے کر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ دیوار اور بیم آخر اچانک بھربھرا کر کیوں گر گئی۔ اب پورے واقعہ کی جانچ کے بعد ہی پتہ چل سکے گا کہ ایسا کیونکر ہوا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔