قومی خبریں

’دادا کی جائیداد میں والد کو ملنے والے حصے پر پوتے کا پیدائشی حق نہیں‘، سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ

عدالت نے کہا کہ اگر دادا کی موت وصیت کیے بغیر ہو جاتی ہے اور ان کی جائیداد کی تقسیم درجہ اول کے وارثوں کے درمیان ہوتی ہے، تو والد کو ملنے والا حصہ مشترکہ ہندو خاندان کی جائیداد نہیں رہتا۔

<div class="paragraphs"><p>سپریم کورٹ آف انڈیا</p></div>

سپریم کورٹ آف انڈیا

 

سپریم کورٹ نے وراثت کے حوالے سے ایک اہم فیصلہ سنایا ہے۔ دادا کی جائیداد میں والد کو ملنے والے حصے پر پوتا پیدائشی طور پر اپنا حق نہیں جتا سکتا۔ سپریم کورٹ نے ایک اہم فیصلے میں وضاحت کی ہے کہ ’ہندو سکسیشن ایکٹ‘ 1956 کی دفعہ 8 کے تحت دادا کی جائیداد کی تقسیم کے بعد والد کو ملنے والا حصہ ان کی ذاتی جائیداد بن جاتا ہے۔ ایسی صورت میں والد کے زندہ رہنے تک پوتے کا اس جائیداد پر کوئی پیدائشی حق نہیں ہوتا۔

جسٹس آگسٹین جارج مسیح اور جسٹس سنیتا اگروال پر مشتمل بنچ نے تمل ناڈو کے جے راجیش بنام ایم کمارن مقدمے میں یہ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے کہا کہ اگر دادا کی موت وصیت کیے بغیر ہو جاتی ہے اور ان کی جائیداد کی تقسیم درجہ اول کے وارثوں کے درمیان ہوتی ہے، تو والد کو ملنے والا حصہ مشترکہ ہندو خاندان کی جائیداد نہیں رہتا۔ والد آزادانہ طور پر اس جائیداد کا مالک ہے، خاندان کے محافظ کے طور پر نہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ والد کو اپنی جائیداد فروخت کرنے، عطیہ کرنے یا کسی دوسرے شخص کو منتقل کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔ ان کا بیٹا والد کی زندگی میں نہ تو اس فروخت پر روک لگا سکتا ہے اور نہ ہی جائیداد میں نصف حصے کا دعویٰ کر سکتا ہے۔

ہندو سکسیشن ایکٹ، 1956 کی دفعہ 8 کے تحت درجہ اول کے وارثوں میں بیوی، بیٹا اور بیٹی شامل ہیں۔ جب دادا کی موت ہوتی ہے اور جائیداد ان وارثوں کے درمیان تقسیم ہوتی ہے، تو والد کو ملنے والا حصہ ان کی ذاتی جائیداد تصور کیا جاتا ہے۔ والد کے زندہ رہنے تک ان کا بیٹا، یعنی پوتا، دادا کی جائیداد کا براہ راست وارث نہیں مانا جاتا۔ حالانکہ اگر والد کی موت دادا سے پہلے ہو جاتی ہے، تو پوتا اپنے مرحوم والد کے حصے کا درجہ اول کا براہ راست وارث بن سکتا ہے۔ یہ معاملہ چنئی میں واقع 1811 مربع فٹ زمین سے متعلق تھا۔ یہ زمین درخواست گزار جے راجیش کے دادا کی تھی۔ 1994 میں خاندانی تقسیم معاہدے کے تحت یہ زمین راجیش کے والد کے حصے میں آئی تھی۔ اس کے بعد 1997 میں ان کے والد نے یہ زمین فروخت کر دی۔ اس وقت نابالغ راجیش نے اپنی والدہ کے ذریعے عدالت میں مقدمہ دائر کیا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ یہ آبائی جائیداد ہے اور پیدائش کے ساتھ ہی اس میں ان کا آدھا حصہ بنتا ہے۔

لوئر اپیلیٹ کورٹ اور مدراس ہائی کورٹ نے راجیش کے دعوے کو مسترد کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے بھی ان فیصلوں کو برقرار رکھتے ہوئے ان کی اپیل خارج کر دی۔ عدالت نے کہا کہ 1956 میں ’ہندو سکسیشن ایکٹ‘ کو قانونی شکل دیے جانے کے بعد اس طرح کے معاملات میں پرسنل لا کے تحت ملنے والا پیدائشی حق نافذ العمل نہیں ہوتا۔ عدالت کے فیصلے کے مطابق اگر جائیداد کی تقسیم نہیں ہوئی ہے اور وہ دفعہ 6 کے تحت 4 نسلوں سے غیر منقسم آبائی جائیداد کے طور پر چلی آ رہی ہے، تو پوتے کا اس میں پیدائشی طور پر مشترکہ خاندانی ملکیت کا حق برقرار رہ سکتا ہے۔ لیکن جب دادا کی جائیداد دفعہ 8 کے تحت تقسیم ہو جاتی ہے اور والد کو اس میں حصہ مل جاتا ہے، تو صورتحال بدل جاتی ہے۔ ایسی جائیداد پر والد کے زندہ رہنے تک پوتا پیدائشی حق کی بنیاد پر حصے کا دعویٰ نہیں کر سکتا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔