
تصویر آئی اے این ایس
چنئی: تمل ناڈو میں نو تشکیل شدہ ٹی وی کے حکومت کے تحت اسمبلی کا پہلا اجلاس جمعرات کو شروع ہوا، جس کے آغاز پر گورنر راجندر وشوناتھ آرلیکر نے 39 منٹ طویل خطاب میں حکومت کی ترجیحات، انتظامی پالیسیوں اور ریاست کی طویل مدتی ترقی کے خاکے کو پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئندہ پانچ برسوں کے لیے ’ویتری تمل ناڈو‘ کے نام سے ایک جامع ترقیاتی منصوبہ تیار کیا ہے، جس کا مقصد 2031 تک تمل ناڈو کو ملک کے لیے ایک مثالی ریاست کے طور پر فروغ دینا ہے۔
Published: undefined
گورنر نے اپنے خطاب کے دوران تروک کرل کے ایک شعر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی فلاح اور ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بزرگ شہریوں اور پنشن یافتگان کو دی جانے والی تمام فلاحی سہولتیں بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہیں گی۔ ساتھ ہی کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی تربیت اور بنیادی سہولتیں فراہم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ وہ بین الاقوامی مقابلوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ شفاف اور جواب دہ انتظامیہ کو یقینی بنانے کے لیے ہندو مذہبی و خیراتی اوقاف محکمہ کے زیر انتظام تمام مندروں کا آڈٹ کرایا جائے گا اور ان کے انتظام و انصرام میں شفافیت لائی جائے گی۔ گورنر کے مطابق ریاستی حکومت کرناٹک کی مجوزہ میکیداتو ڈیم اسکیم کی مسلسل مخالفت جاری رکھے گی اور کاویری ندی کے پانی پر انحصار کرنے والے کسانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے۔ زیر زمین پانی کے ذخائر کو محفوظ رکھنے کے لیے چیک ڈیم اور بارش کے پانی کے ذخیرے سے متعلق منصوبوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
Published: undefined
ملاپیریار ڈیم تنازعے کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ کیرالہ کی جانب سے نئے ڈیم کے مطالبے کے باوجود تمل ناڈو اپنے قانونی اور آبی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منشیات کے بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لیے ہر ضلع میں انسداد منشیات یونٹ قائم کیے گئے ہیں جبکہ غیر قانونی شراب کی فروخت کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ خواتین کے خلاف جرائم کے معاملے میں قصورواروں کو سخت سزا دلانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
گورنر راجندر وشوناتھ آرلیکر نے دو لسانی پالیسی کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے مربوط تعلیمی پروگراموں کے لیے مالی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی سے پاک انتظامیہ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
Published: undefined
سیاسی اعتبار سے ٹی وی کے حکومت کے قیام کو ایک تاریخی موڑ قرار دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ 1967 میں سی این انّا دورئی اور 1977 میں ایم جی رام چندرن کے اقتدار میں آنے کے بعد وزیر اعلیٰ وجے کی قیادت میں ٹی وی کے حکومت کا قیام ریاست کی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے محض دو برس کے اندر حکومت قائم کرکے حالیہ اسمبلی انتخابات میں سب سے بڑی جماعت بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
گورنر نے اپنے خطاب میں سماجی مصلح پیریار ای وی راماسامی، ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر، کے کامراج، ویلو ناچیار اور انجلئی امّال کا ذکر کرتے ہوئے انہیں حکومت کی پالیسیوں کے لیے باعث تحریک قرار دیا۔ اپنے خطاب کے آغاز میں انہوں نے سی این انّا دورئی کا حوالہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسمبلی میں عوامی مفاد سے متعلق معاملات پر تعمیری اور بامعنی بحث ہونی چاہئے۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined