قومی خبریں

ڈاکٹروں کو دھمکی: ’’نکسلی بن جاؤ، تمہیں گولی مار دیں گے‘‘

مودی حکومت کے وزیر ہنس راج اہیر نے کہا کہ ’’کرسمس کی چھٹی منانے گئے ڈاکٹر نکسلی بن جائیں، ہم ان کے سینے میں گولیاں اتار دیں گے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا مہاراشٹر کے چندر پور میں ضلع اسپتال کے جدید میڈیکل اسٹور کا افتتاح کرنے کے بعد لوگوں سے خطاب کرتے مرکزی وزیر مملکت ہنس راج اہیر

مرکزی وزیر مملکت برائے داخلی امور ہنس راج اہیر نے مہاراشٹر کے چندر پور میں منعقد ایک تقریبا کے دوران چھٹیاں منانے گئے ڈاکٹروں کے تئیں برہمی کا اظہار کیا۔ اس دوران وہ اپنا آپا کھو بیٹھے اور متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا کہ جو ڈاکٹر چھٹیاں منانے گئے ہیں انہیں جمہوریت میں یقین نہیں ہے، وہ اگر چاہیں تو نکسلی بن جائیں ہم انہیں گولی مار دیں گے! وزیر مملکت اسپتال میں جدید میڈیکل اسٹور کا افتتاح کرنے پہونچے تھے۔

ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ ہنس راج اہیر نے کوئی متنازعہ بیان دیا ہو لیکن پیر کے روز جو کچھ انہوں نے کہا وہ مودی حکومت کے وزراء کی اصل ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔ دراصل افتتاح کے وقت ہنس راج اہیر کو جب یہ معلوم چلا کہ کافی ڈاکٹر کرسمس کی چھٹیوں پر ہیں تو وہ آپے سے باہر ہو گئے۔ انہوں نے کہا ’’ ڈاکٹروں کو خبر تھی کہ میں یہاں آنے والا ہوں۔ میں آئین کے تحت منتخب وزیر ہوں۔ پھر بھی ڈاکٹر چھٹی پر چلے گئے؟ انہیں اگر جمہوریت پر یقین نہیں ہے تو وہ نکسلی بن سکتے ہیں ، ہم ان کے سینے میں گولیاں اتار دیں گے۔‘‘

ہنس راج اہیر اکثر متناعہ بیانات دینے کے لئے جانے جاتے ہیں۔ کچھ دن قبل انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کے علاوہ ہندوستان کا نام نہاد دوست بنگلا دیش بھی قومی سلامتی کے لئے خطرہ ہے ۔ ایسوچیم کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں اہیر کے حوالہ سے کہا گیا ہے کہ ’’ صرف چین یا پاکستان ہی نہیں بلکہ بنگلا دیش بھی ہماری سلامتی کو چیلنج دے رہا ہے ، مجھے یہ بات معلوم ہے کیوں کہ میں نے اسے نزدیک سے دیکھا ہے۔ ‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 26 Dec 2017, 9:28 AM IST