قومی خبریں

اظہارِ رائے کی آزادی گالی دینے کی حد تک نہیں ہو سکتی: پروفیسر اختر الواسع

اختر الواسع نے حکومت ہند سے کہا کہ فرانس میں اہانت رسول کے نام پر جو دہشت گردی اور مسلمانوں کی دل آزاری سامنے آئی ہے، وہ اس میں منصفانہ اور متوازن رویہ اپنائے اور بلاوجہ فرانسیسی حکومت کی ہمنوا نہ بنے

پروفیسر اختر الواسع
پروفیسر اختر الواسع 

جودھپور: فرانس میں اظہارِ رائے کی آزادی کے نام پر اہانتِ رسول کی صدرِ مملکت کی مبینہ تائید ورہنمائی میں جاری مہم کی مشہور ماہرِاسلامیات اور مولانا آزاد یونیورسٹی جودھپور کے وائس چانسلر پدم شری پروفیسر اخترالواسع نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومتِ ہند سے کہا ہے کہ فرانس میں اہانتِ رسول کے نام پر جو دہشت گردی اور مسلمانوں کی دل آزاری سامنے آئی ہے، وہ اس میں منصفانہ اور متوازن رویہ اپنائے اور بلاوجہ فرانسیسی حکومت کی ہمنوا نہ بنے۔

Published: undefined

عالمِ اسلام کے تمام ملکوں سے اپنے سفراء کو فرانس سے واپس بلانے کی اپیل کے ساتھ پروفیسر واسع نے دنیا بھر کے مسلمانوں سے کہا ہے کہ وہ تمام جمہوری طریقوں کو اپناتے ہوئے احتجاج کرتے رہیں۔ انہوں نے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی بھی اپیل کی ہے۔

پروفیسر واسع نے اس تمہید کیساتھ کہ فرانسیسی صدر بظاہراہانتِ رسول کے ذریعے ساری دنیا کو ایک آزمائش اور بحران میں مبتلا کرنا چاہتے ہیں جس کی انہیں قطعاً اجازت نہیں ہونی چاہیے کہا ہے کہ اظہارِ رائے کی آزادی کے نام پر کسی کو گالی دینے کا کوئی جواز نہیں ہو سکتا اورمسلمان پیغمبر اسلام، تمام آسمانی نبیوں، پیغمبروں اور دیگر مذاہب کے پیشواؤں کی توہین گوارا نہیں کرتے۔

Published: undefined

انہوں نے ہر طرح کے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اظہارِ رائے کی آزادی ہونی چاہئے لیکن یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ہر آزادی کچھ پابندیوں کے دائرے میں رہ کر ہی ممکن ہوتی ہے۔ ہر شخص کو فضا میں چھڑی گھمانے کی پوری آزادی ہے لیکن یہ آزادی وہاں سے ختم ہو جاتی ہے جہاں سے دوسرے کی ناک شروع ہوتی ہے۔

Published: undefined

پروفیسر اخترالواسع نے پاپائے روم پوپ فرانسس سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر ویٹکن میں دنیا بھر کے اہم مذہبی رہنماؤں جیسے آرک بشپ آف کینٹر بری، دلائی لاما، شیخ الازہر احمد الطیب، آیت اللہ سیستانی، مفتیئ اعظم سعودی عرب شیخ عبدالعزیز آل شیخ، شری شری روی شنکر، مولانا سید رابع حسنی ندوی اور اکال تخت کے جتھے دار سردار گیانی ہرپریت سنگھ کی ایک میٹنگ بلائیں تاکہ ایسے اقدامات وضع کئے جا سکیں کہ اس عالمی گاؤں میں کسی کو بھی کسی مذہب، مذہبی عقیدے اور مذہبی پیشواؤں کو برا کہنے کی نہ ہمت ہو نہ اجازت۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined