قومی خبریں

کسان تحریک: زرعی بل گاؤں میں بننا چاہیے، دہلی کی کوٹھیوں میں بنا بل کسانوں کو منظور نہیں... راکیش ٹکیت

راکیش ٹکیت، تصویر آئی اے این ایس
راکیش ٹکیت، تصویر آئی اے این ایس 

زرعی بل گاؤں میں بننا چاہیے، دہلی کی کوٹھیوں میں بنا ہوا بل کسانوں کو منظور نہیں: راکیش ٹکیت

نیوز چینل ’آج تک‘ کے پروگرام ’کسان پنچایت‘ میں شرکت کرتے ہوئے راکیش ٹکیت نے کہا کہ ’’ہم نے ہمیشہ کہا کہ بل گاؤں میں بننا چاہیے۔ دہلی کی کوٹھیوں میں بنا ہوا بل ملک کے کسانوں کو منظور نہیں ہے۔ حکومت کو قانون لانے سے پہلے گاؤں میں چوپال لگانا چاہیے تھا۔

Published: 12 Dec 2020, 5:56 PM IST

کسانوں نے چیلا اور غازی پور بارڈر ٹریفک کے لیے کیا بند

کسانوں نے غازی آباد سے دہلی پہنچنے اور نوئیڈا سے دہلی پہنچنے والے راستے کو بند کر دیا ہے۔ مظاہرین نے چیلا اور غازی پور بارڈر کو بلاک کر دیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک پولس نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ متبادل راستہ یعنی آنند وہار، ڈی این ڈی، اپسرا اور بھوپرا سرحد کے راستہ دہلی میں داخل ہوں۔

Published: 12 Dec 2020, 5:56 PM IST

مرکزی حکومت تحریک کو ناکام بنانے کے لیے لوگوں کو بھڑکا رہی ہے: کسان لیڈر

’سنیوکت کسان آندولن‘ کے لیڈر کمل پریت سنگھ پنّو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت پر سخت الزام عائد کیا ہے۔ انھوں نےکہا کہ ’’حکومت تحریک کو ناکام بنانے کی کوشش میں سرگرم ہے۔ لیکن ہم لوگ ایسا ہونے نہیں دیں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہمیں تقسیم کرنے اور ہمارے مظاہرین ساتھیوں کو بھڑکانے کے لیے حکومت نے کچھ چھوٹی کوششیں کی تھیں، لیکن ہم پرامن طریقے سے اس تحریک کو کامیابی کی طرف لے جائیں گے۔‘‘

Published: 12 Dec 2020, 5:56 PM IST

48 گھنٹوں میں نکل جائے گا کسانوں کے مسئلہ کا حل: دشینت چوٹالہ

ہریانہ کے نائب وزیر اعلیٰ اور جے جے پی لیڈر دشینت چوٹالہ نے آج تین مرکزی وزراء سے ملاقات کر کے کسانوں کے مسائل پر گفتگو کی۔ مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر اور مرکزی وزیر پیوش گویل سے ملاقات کے بعد دشینت چوٹالہ نے کہا کہ پوری امید ہے کہ 48 گھنٹوں میں کسانوں کے مسائل کا حل نکل جائے گا۔

Published: 12 Dec 2020, 5:56 PM IST

13 دسمبر کو کسانوں نے راجستھان سے ’ٹریکٹر مارچ‘ نکالنے کا اعلان کیا

سنگھو بارڈر پر موجود سنیوکت کسان آندولن کے لیڈر کمل پریت سنگھ پنّو نے اعلان کیا ہے کہ کل یعنی 13 دسمبر کو صبح 11 بجے شاہجہاں پور (راجستھان) ہزاروں کی تعداد میں کسان ’ٹریکٹر مارچ‘ نکالیں گے۔ انھوں نے کہا کہ یہ کسان جے پور-دہلی روڈ کو جام کریں گے اور اپنے احتجاجی مظاہرہ کو مزید تیز کریں گے۔

Published: 12 Dec 2020, 5:56 PM IST

سنگھو بارڈر: کسان لیڈروں نے 14 دسمبر کو بھوک ہڑتال کا کیا اعلان

مودی حکومت کے ذریعہ متنازعہ زرعی قوانین واپس لینے سے متعلق کوئی پیش رفت نہ ہونے سے ناراض کسان لیڈروں نے تحریک کو مزید تیز کرنے کا عزم ظاہر کر دیا ہے۔ سنگھو بارڈر پر موجود کسان لیڈروں نے 14 دسمبر کو بھوک ہڑتال کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق سنگھو بارڈر پر کسان لیڈران اسٹیج پر جمع ہوں گے اور بھوک ہڑتال کریں گے۔ سنیوکت کسان آندولن کے لیڈر کمل پریت سنگھ پنّو کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت تحریک کو کمزور کرنا چاہتی ہے، لیکن ہم پرامن طریقے سے یہ جاری رکھیں گے۔

Published: 12 Dec 2020, 5:56 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 12 Dec 2020, 5:56 PM IST