
ریلوے ٹریک، تصویر سوشل میڈیا
راجستھان کے سری گنگا نگر ضلع میں ہندوستان-پاکستان بین الاقوامی سرحد سے متصل رام سنگھ پور تھانہ علاقے میں ایک انتہائی حساس اور سنسنی خیز حادثہ پیش آیا ہے۔ انوپ گڑھ-سورت گڑھ ریلوے ٹریک پر 50 جی بی کے قریب زوردار دھماکہ ہوا، جس کی وجہ سے پورے علاقے میں افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ اس دھماکے کے سبب ریلوے ٹریک کے نیچے نصب سیمنٹ کے 2 ستونوں کو نقصان پہنچا۔ راحت کی بات یہ رہی کہ دھماکہ انوپ گڑھ سے سورت گڑھ جانے والی مسافر ٹرین روانہ ہونے کے بعد ہوا۔ جس کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اسی علاقے میں 7.5 کلو آر ڈی ایکس بھی مل چکا ہے، جس کے بعد سیکورٹی ایجنسیاں متحرک ہو گئی ہیں۔
شمال مغربی ریلوے کے سی پی آر او امت سدرشن نے بتایا کہ ریلوے ٹریک پر 2 سلیپر تباہ شدہ حالت میں ملے ہیں۔ یہ حادثہ رات تقریباً 10 بج کر 23 منٹ پر پیش آیا۔ آواز سنتے ہی گیٹ مین نے فوری ریلوے افسران کو اطلاع دی۔ موقع پر سول پولیس اور بم ناکارہ بنانے والے دستے سمیت تمام تفتیشی ایجنسیاں پہنچ گئی ہیں۔ امیت سدرشن کے مطابق 4 نومبر کو سورت گڑھ-انوپ گڑھ ٹرین منسوخ رہے گی۔
ہندوستان-پاکستان بین الاقوامی سرحدی علاقے سے کچھ ہی فاصلے پر پیش آنے والے حادثے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے سیکورٹی نظام فوری طور پر حرکت میں آگیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی اے ٹی ایس، سی آئی ڈی، ڈاگ اسکواڈ، بم ناکارہ بنانے والے دستے کے علاوہ مختلف خفیہ سیکورٹی ایجنسیوں اور ریلوے کی تکنیکی ٹیمیں بھاری پولیس نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئیں۔ پورے علاقے کی ناکہ بندی کرکے شواہد جمع کیے جا رہے ہیں اور فرانزک ماہرین دھماکے میں استعمال کیے گئے مواد کی جانچ میں مصروف ہیں۔
سیکورٹی کے سخت اقدامات اور تفتیش کا عمل بلا رکاوٹ جاری رکھنے کے مقصد سے انوپ گڑھ-سورت گڑھ ریلوے سیکشن پر چلنے والی تمام مسافر اور مال بردار ٹرینوں کو فی الحال منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جب تک پٹری کی مرمت مکمل نہیں ہو جاتی اور سیکورٹی ایجنسیاں کلیئرنس نہیں دے دیتیں، اس وقت تک اس روٹ پر ٹرینوں کی آمد و رفت بند رہے گی۔ اس معاملے میں سری گنگا نگر کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) ہری شنکر کی نگرانی میں گہرائی سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس اور سیکورٹی ایجنسیاں اس بات کی جانچ کر رہی ہیں کہ سرحدی علاقے میں ہونے والے اس دھماکے کے پیچھے سماج دشمن عناصر یا ملک مخالف طاقتوں کا کیا ہاتھ ہے۔ پولیس انتظامیہ نے آس پاس کے علاقوں میں الرٹ جاری کرتے ہوئے مشتبہ افراد کی تلاش شروع کر دی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔