
الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی پارٹیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے متعلق تمام رہنما ہدایات پر عمل کریں اور کورونا کے دور میں اسمبلی انتخابات اور ضمنی انتخابات کے دوران کچھ غفلت نہ برتیں۔
الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ اسمبلی انتخابات کے دوران سیاسی پارٹیاں انتخابی مہم کے دوران کووڈ- 19 کے بارے میں جاری رہنما ہدایات پر عمل نہیں کر رہی ہیں بلکہ کھلم کھلا اس کی خلاف ورزی کررہی ہیں۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی مہم میں ہجوم کی روک تھام نہیں کی جارہی ہے اور سماجی دوری رکھنے پر بھی عمل نہيں کیا جارہا ہے۔ سیاسی جماعتوں کے امیدوار بھی اس کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ اس لیے انہیں سختی سے ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کے جاری کردہ رہنما اصولوں پر عمل کریں۔
کمیشن نے ریاستوں کے ضلع کلکٹروں اور ریاست کے چیف الیکشن افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان رہنما ہدایات پر سختی سے عمل پیرا ہونے کو یقینی بنائیں اور اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ انتخابی مہم میں ہجوم نہ ہو اور معاشرتی فاصلے پر عمل کیا جائے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔