قومی خبریں

انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندیاں سبکدوش افسران پر بھی نافذ ہوں گی، الیکشن کمیشن کا اعلان

گوا، منی پور، پنجاب، اتر پردیش و اتراکھنڈ کے متعلقہ افسران کو لکھے خط میں الیکشن کمیشن نے مثالی ضابطۂ اخلاق کے دوران سیاسی غیر جانبداری اور سرکاری افسران کے طرز عمل سے متعلق سابقہ ہدایات کو دہرایا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>الیکشن کمیشن آف انڈیا / آئی اے این ایس</p></div>

الیکشن کمیشن آف انڈیا / آئی اے این ایس

 

الیکشن کمیشن نے انتخاب کے دوران مثالی ضابطۂ اخلاق (ایم سی سی) کے دوران سرکاری افسران اور ملازمین کی سیاسی غیر جانبداری کو لے کر اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ کمیشن نے واضح کیا کہ انتخابی ضابطۂ اخلاق کی مدت میں سرکاری ملازمین پر عائد پابندیاں ان سبکدوش افسران اور ملازمین پر بھی نافذ ہوں گی جو کسی نہ کسی حیثیت سے ریاستی حکومت یا مرکز کے زیر انتظام خطوں کی انتظامیہ سے وابستہ ہیں۔ ایسے افسران کو سیاسی سرگرمیوں سے دور رہنا ہوگا اور اپنے عہدے یا سرکاری اثر و رسوخ کا استعمال کسی سیاسی پارٹی یا امیدوار کے حق میں نہیں کرنا ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے 9 نومبر 2026 کو گوا، منی پور، پنجاب، اتر پردیش اور اتراکھنڈ کے چیف سکریٹریز اور چیف الیکشن افسران کو اس سلسلے میں خط بھیجا ہے۔ خط میں کمیشن نے مثالی ضابطۂ اخلاق کے دوران سیاسی غیر جانبداری اور سرکاری افسران کے طرز عمل سے متعلق اپنی سابقہ ہدایات کو دہرایا ہے۔ کمیشن نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ انتخابی مہم یا کسی بھی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہ لیں اور کسی سیاسی پارٹی یا امیدوار کے حق میں اپنی سرکاری حیثیت یا اختیارات کا استعمال نہ کریں۔

الیکشن کمیشن نے اپنی ہدایات میں کہا ہے کہ ریاستی حکومتوں یا مرکز کے زیر انتظام خطوں کی انتظامیہ سے مختلف حیثیتوں کے ساتھ وابستہ ریٹائرڈ سرکاری افسران اور ملازمین پر بھی انتخابی ضابطۂ اخلاق کے دوران وہی پابندیاں نافذ ہوں گی جو سرکاری ملازمین پر نافذ ہوتی ہیں۔ اس میں وہ افراد بھی شامل ہیں جنہیں حکومت نے کسی عہدے پر مقرر کیا ہے یا دوبارہ تقرری دی ہے۔ کمیشن کے مطابق ریٹائرڈ افسران کی سیاسی غیر جانبداری اور ضابطۂ اخلاق کے دوران ان کے طرز عمل کے حوالے سے الگ سے کوئی واضح ہدایات یا ضابطے موجود نہ ہونے کی وجہ سے یہ انتظام نافذ کیا گیا ہے۔ کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ایسے افراد کو بھی سرکاری ملازمین کی طرح سیاسی سرگرمیوں سے دور رہنا ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ مثالی ضابطۂ اخلاق کی دفعات ان تمام تنظیموں، کمیٹیوں، کارپوریشنوں اور کمیشنوں پر نافذ ہوتی ہیں جنہیں حکومت مکمل یا جزوی طور پر مالی اعانت فراہم کرتی ہے۔ ان اداروں کے ملازمین کو بھی ضابطۂ اخلاق کے تمام اصولوں کی پابندی کرنی ہوگی۔ کمیشن نے ریاستوں کے متعلقہ طرز عمل کے قواعد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کو سیاسی سرگرمیوں اور انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہے۔ کسی سیاسی پارٹی، فرد یا گروپ کو دوسروں کے مقابلے میں فائدہ پہنچانے کے لیے سرکاری عہدے، اختیارات یا سرکاری حیثیت کا استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت دی ہے کہ جن انتخابی حلقوں میں انتخابات کا اعلان ہو چکا ہے، وہاں کے کسی بھی انتخابی افسر کو سرکاری افسران کسی سرکاری تبادلۂ خیال یا اجلاس کے لیے نہیں بلا سکیں گے۔ ایسے افسران کے ساتھ ویڈیو کانفرنس یا کسی بھی دوسرے طریقے سے سرکاری اجلاس منعقد کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ اس کی ہدایات کی خلاف ورزی میں کی گئی کسی بھی کارروائی یا کوتاہی کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔ کمیشن نے تمام متعلقہ افسران کو ان ہدایات سے واقف کرانے اور ان پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔