قومی خبریں

کولکاتہ ڈی سی پی شانتنو سنہا کے خلاف ای ڈی نے جاری کیا ’لُک آؤٹ نوٹس‘، ملک چھوڑ کر فرار ہونے کا ہے خدشہ

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سونا پپو کیس سے منسلک منی لانڈرنگ معاملے میں ’لُک آؤٹ نوٹس‘ جاری کیا ہے۔ ای ڈی نے گزشتہ ماہ شانتنو سنہا وشواس کے گھر اور ان کے کئی ٹھکانوں پر چھاپے مارے تھے۔

ای ڈی، تصویر آئی اے این ایس
ای ڈی، تصویر آئی اے این ایس 

مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتہ کے ڈی سی پی شانتنو سنہا وشواس کے خلاف ’لُک آؤٹ نوٹس‘ جاری ہوا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سونا پپو کیس سے منسلک منی لانڈرنگ معاملے میں یہ نوٹس جاری کیا ہے۔ شانتنو کے ملک چھوڑ کر بھاگ جانے کا خدشہ ہے۔ ای ڈی نے گزشتہ ماہ شانتنو سنہا وشواس کے گھر اور ان کے کئی ٹھکانوں پر چھاپے ماری کی تھی۔ ای ڈی نے شانتنو کے گول پارک واقع رہائش پر بھی چھاپہ مارا تھا۔

Published: undefined

رپورٹس کے مطابق پی ایم ایل اے کے تحت ای ڈی کولکاتہ میں کئی ٹھکانوں پر چھاپے ماری کر رہی تھی۔ افسران نے بتایا کہ یہ چھاپے ماری جنوبی کولکاتہ کے بالی گنج علاقہ میں ’سونا پپو سنڈیکیٹ‘ معاملے میں ہوئی۔ شانتنو سنہا ایک وقت کالی گھاٹ پولیس اسٹیشن کے انچار تھے۔ یہ تھانہ بھوانی پور حلقہ اسمبلی کے اندر آتا ہے۔ رواں اسمبلی انتخاب میں یہیں سے ممتا بنرجی نے انتخاب لڑا تھا اور انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

Published: undefined

 ملزم سونا پپو ایک ریئل اسٹیٹ ڈیولپر اور ہسٹری شیٹر ہے۔ اس پر قتل کی کوشش، جبراً وصولی اور آرمز ایکٹ کے تحت 15 سے زائد مجرمانہ معاملے درج ہیں۔ ای ڈی نے گزشتہ ماہ کولکاتہ کے آنندپور، علی پور اور دیگر علاقوں میں سونا پپو کے ساتھیوں اور تاجروں کے ٹھکانوں پر چھاپے ماری کی تھی۔ الزام ہے کہ سونا پپو نے فلیٹ دینے کے نام پر لوگوں سے کروڑوں روپے لیے اور انہیں نہ تو فلیٹ ملے اور نہ ہی پیسے واپس ہوئے۔ ان معاملوں میں پی ایم ایل اے کے تحت ای ڈی کارروائی کر رہی ہے۔

Published: undefined

رواں سال فروری میں گول پارک علاقے کی ککولیا روڈ پر 2 گروہوں کے درمیان تصادم ہوا تھا، جس میں بم پھینکے گئے، گولیاں چلائی گئیں اور پتھر برسائے گئے۔ اس واقعے کے بعد 10 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق سونا پپو کی قیادت میں 100 سے زائد نوجوانوں نے ایک رہائشی بپی ہلدر اور اس کے حامیوں پر حملہ کر دیا۔ اس کے بعد بپی اور اس کے حامیوں نے بھی جوابی حملہ کیا۔ مقامی لوگوں کا دعویٰ ہے کہ پپو نے اس علاقے پر اپنا دبدبہ قائم کرنے کے مقصد سے ہی اس تشدد کی سازش رچی تھی۔

Published: undefined

واضح رہے کہ 11-2010 کے آس پاس کنسٹرکشن کے کاروبار میں قدم رکھنے کے بعد سے ہی پپو کا قانون سے کئی بار آمنا سامنا ہو چکا ہے۔ 2015 میں اس نے بالی گنج ریل یارڈ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تھی، جس کی وجہ سے اس کا ٹکراؤ ایک اور طاقتور شخص منّا پانڈے سے ہو گیا تھا۔ 2017 میں سوینہو لین پر علاقے کے غلبے کو لے کر ہونے والے تنازعہ کے باعث پلاش جانا کو قتل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد پپو کو جلپائی گوڑی سے گرفتار کیا گیا تھا۔ تاہم بعد میں پپو کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ شانتنو سنہا وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے انتہائی قریبی مانے جاتے ہیں اور حال ہی میں انہیں ممتا حکومت کے دھرنے کے دوران اسٹیج پر دیکھا گیا تھا۔ اس وقت کولکاتہ پولیس نے کہا تھا کہ وہ وزیر اعلیٰ کی حفاظت کے لیے ممتا کے اسٹیج پر موجود تھے۔

Published: undefined

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined