قومی خبریں

پاکستان میں زلزلہ: ہلاک شدگان کی تعداد 25 ہوئی، 300 سے زیادہ زخمی

منگل کے روز سہ پہر تقریباً 4.30 بجے آنے والے زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی۔ امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز پی او کے کا شہر میرپور تھا اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی 

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں اور مقبوضہ کشمیر میں منگل کی سہ پہر آنے والے شدید زلزلہ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 25 ہو گئی ہے، جبکہ 300 سے زیادہ افراد زخمی ہو ئے ہیں۔ جن خاندانوں میں ہلاکتیں ہوئیں ہیں وہاں ماتم ہے، راحت اور بچاؤ کا کام تاحال جاری ہے۔

Published: 25 Sep 2019, 4:10 PM IST

منگل کے روز سہ پہر تقریباً 4.30 بجے (ہندوستانی وقت کے مطابق) آنے والے زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی۔ امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز پی او کے (پاکستان مقبوضہ کشمیر) کا شہر میرپور تھا اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے بعد مکانوں، دفاتر اور عمارتوں میں موجود لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر آ گئے تھے، اطلاعات کے مطابق زلزلے کا یہ دورانیہ 8 سے 10 سیکنڈ کا تھا۔

Published: 25 Sep 2019, 4:10 PM IST

پی او کے میں واقع شہر میرپور میں اس زلزلے کے نتیجے میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی ہے۔ میرپور کے ڈویژنل کمشنر چودھری محمد طیب اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولس گل فراز خان نے 23 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، انہوں نے بتایا ہے کہ ان میں تین بچّے بھی شامل ہیں۔ ان میں دس افراد صرف ایک گاؤں جاتلاں میں جاں بحق ہوئے ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا ہے کہ 300 زخمیوں میں 35 کی حالت تشویش ناک ہے۔تازہ اطلاعات کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 25 ہو گئی ہے۔

Published: 25 Sep 2019, 4:10 PM IST

پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’’آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں سول انتظامیہ کی معاونت اور زلزلہ زدہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ‘‘ ترجمان کا کہنا ہے کہ فوجی اہلکار اور طبی امدادی ٹیمیں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کردی گئی ہیں۔

Published: 25 Sep 2019, 4:10 PM IST

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق میر پور کے ایک مقام پر عمارت گرنے سے 50 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔ تمام زخمیوں کو علاج و معالجہ کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ زلزلے کی شدت اتنی شدید تھی کہ اس کے باعث سڑکیں پھٹ گئیں جس کی وجہ سے متعدد گاڑیاں ان میں دھنس گئیں۔

Published: 25 Sep 2019, 4:10 PM IST

کھاڑک کے علاقے میں زلزلے کے باعث دیوار گرنے سے 10 سالہ بچی جاں بحق ہوئی۔ میرپور میں زلزلے سے مسجد کے مینار گرگئے جس سے کئی افراد زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال میں منتقل کردیا گیا۔ میرپور میں قریباً 10 سیکنڈ تک زلزلہ محسوس ہوا جبکہ کچھ مقامات پر بعد از زلزلہ جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

Published: 25 Sep 2019, 4:10 PM IST

زلزلے کے بعد پی او کے انتظامیہ نے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی اور تمام زخمیوں کو بہتر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مختلف حادثات کی اطلاعات ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور مقامی افراد کی مدد سے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

Published: 25 Sep 2019, 4:10 PM IST

وزیراطلاعات پی او کے مشتاق منہاس کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور وزیراعظم پی او کے فاروق حیدر نے اپنا دورہ لاہور مختصر کردیا ہے اور وہ خود امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

Published: 25 Sep 2019, 4:10 PM IST

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ملک میں زلزلے سے ہونے والے نقصانات اور انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھیں نیویارک میں پاکستان میں شدید زلزلے اور اس سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان سے آگاہ کیا گیا۔ انھوں نے متعلقہ حکام کو متاثرین کو فوری طور پر ہر ممکن امداد مہیا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Published: 25 Sep 2019, 4:10 PM IST

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی زلزے سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کی مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی ہے۔ صدر مملکت نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

Published: 25 Sep 2019, 4:10 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 25 Sep 2019, 4:10 PM IST