
کانگریس لیڈر الکا لامبا
تصویر: سوشل میڈیا
کانگریس کی سینئر لیڈر الکا لامبا نے ہاتھرس معاملے پر ایک بار پھر بی جے پی حکومت اور اتر پردیش انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے جارحانہ انداز میں الزام عائد کیا ہے کہ اس کیس میں متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کی جگہ پورے نظام نے ملزمین کو بچانے کا کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2020 کے ہاتھرس واقعہ کو 6 سال گزرنے کے باوجود متاثرہ خاندان کے زخم ابھی تک نہیں بھر سکے ہیں اور کئی سوالات آج بھی جواب طلب ہیں۔
Published: undefined
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الکا لامبا نے کہا کہ 14 ستمبر 2020 کو ہاتھرس میں ایک دلت لڑکی کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا، جس نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 29 ستمبر کو متاثرہ لڑکی کی موت ہو گئی تھی، جس کے بعد 30 ستمبر کی رات پولیس نے مبینہ طور پر خاندان کی رضامندی کے بغیر اس کی آخری رسومات انجام دیں، جس پر اس وقت بھی شدید سیاسی تنازع کھڑا ہوا تھا۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ہاتھرس واقعہ کے بعد جب راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور کانگریس کارکنان متاثرہ خاندان سے ملاقات کے لیے جا رہے تھے تو انہیں روک دیا گیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر اپوزیشن لیڈران کو متاثرہ خاندان سے ملنے دیا جاتا تو شاید معاملے کی سمت مختلف ہوتی۔
Published: undefined
الکا لامبا نے ہاتھرس معاملے پر بنائی گئی ایک ڈاکومنٹری کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس میں شامل بعض افراد کے بیانات کئی نئے سوالات اٹھاتے ہیں۔ ان کے مطابق ڈاکومنٹری میں شامل ایک گائناکولوجسٹ نے مبینہ طور پر کہا ہے کہ متاثرہ کو اسپتال لائے جانے سے قبل اہم شواہد متاثر ہوئے تھے، جبکہ بعد کی جانچ میں کئی اہم پہلو عدالت کے سامنے مؤثر طریقے سے پیش نہیں کیے گئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس کیس کو جانچ کے دوران کمزور کیا گیا تاکہ ملزمین کو فائدہ پہنچ سکے۔ الکا لامبا کے مطابق اگر شواہد وقت پر جمع کیے جاتے اور تحقیقات مکمل شفافیت کے ساتھ ہوتی تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔
Published: undefined
کانگریس لیڈر نے سابق پولیس افسر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے حساس معاملے میں پولیس کو زیادہ سنجیدگی اور حساسیت دکھانی چاہیے تھی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ رات کے وقت اعلیٰ افسران کی موجودگی میں آخری رسومات کیوں انجام دی گئیں اور یہ فیصلہ کس کی ہدایت پر لیا گیا تھا۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے میں سامنے آنے والے مبینہ نئے حقائق اور سوالات کی بنیاد پر دوبارہ جانچ کا عمل شروع کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ہاتھرس معاملے میں شفاف تحقیقات کے بعد ملزمین کو سزا ملتی تو یہ ایک مثال بنتی اور سماج میں مجرموں کے اندر قانون کا خوف پیدا ہوتا۔
Published: undefined
الکا لامبا نے آخر میں بی جے پی حکومت سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ ہاتھرس سے متعلق ڈاکیومنٹری میں سامنے آنے والے مبینہ نکات اور شواہد پر اتر پردیش پولیس کوئی کارروائی کرے گی یا نہیں؟ واضح رہے کہ ہاتھرس معاملہ ملک کے سب سے زیادہ زیر بحث اور حساس معاملات میں شمار کیا جاتا رہا ہے۔ اس اندوہناک واقعہ پر عدالتی اور سیاسی سطح پر طویل بحث بھی ہوتی رہی ہے۔
Published: undefined
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined