قومی خبریں

دہلی-این سی آر: فضائی آلودگی انتہائی خراب زمرے میں داخل، صحت سے متعلق مسائل در پیش

دہلی کے کئی علاقوں میں اے کیو آئی 370 سے تجاوز کر گیا، ہریانہ کے حصار میں فضائی آلودگی کی سطح کافی زیادہ رہی۔ سی پی سی بی کے مطابق صبح 7 بجے دہلی کا اوسط اے کیو آئی 299 درج کیا گیا۔

اے کیو آئی

دہلی-این سی آر میں شدید آلودگی / آئی اے این ایس

 
IANS

دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی نے لوگوں کی تشویش بڑھا دی ہے۔ ہوا کی بگڑتی صورتحال کے مدنظر ’گریڈیڈ رسپانس ایکشن پلان‘ (گریپ-3) کی پابندیاں نافذ ہیں۔ بدھ کی صبح 7 بجے دہلی، نوئیڈا اور گروگرام کی ہوا خراب زمرے میں درج کی گئی۔ دہلی کے کئی علاقوں میں اے کیو آئی 370 سے تجاوز کر گیا، جبکہ ہریانہ کے حصار میں بھی فضائی آلودگی کی سطح کافی زیادہ رہی۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق صبح 7 بجے دہلی کا اوسط اے کیو آئی 299 درج کیا گیا، جو خراب زمرے میں آتا ہے۔ حالانکہ راجدھانی کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح الگ الگ رہی۔ چاندنی چوک میں اے کیو آئی 379، آئی آئی ٹی دہلی میں 375 اور نارتھ کیمپس میں 374 درج کیا گیا۔ وہیں آر کے پورم کا اے کیو آئی 300 رہا۔

دہلی میں گریپ-3 کی پابندیاں نافذ ہیں۔ اس کے باوجود راجدھانی کے کئی علاقوں میں ہوا کا معیار انتہائی خراب زمرے میں پہنچ گیا ہے۔ دہلی سے متصل نوئیڈا اور گروگرام میں بھی ہوا کا معیار بے حد خراب زمرے میں ہے۔ بدھ کی صبح 7 بجے نوئیڈا کا اے کیو آئی 278 اور گروگرام کا 292 درج کیا گیا۔ وہیں گریٹر نوئیڈا میں یہ 240 رہا۔ غازی آباد کا اے کیو آئی 282 اور فریدآباد کا 275 درج کیا گیا۔ ان تمام شہروں میں ہوا کا معیار خراب زمرے میں رہا۔ یعنی دہلی اور این سی آر کے شہروں میں بھی فضائی آلودگی سے راحت نہیں مل رہی ہے۔ ہریانہ کے حصار میں بدھ کی صبح 7 بجے اے کیو آئی 377 درج کیا گیا، جو انتہائی خراب زمرے میں آتا ہے۔ بلبھ گڑھ میں اے کیو آئی 323 اور کرنال میں 303 رہا۔ ان دونوں شہروں میں بھی ہوا کا معیار انتہائی خراب درج کیا گیا۔

’گریڈیڈ رسپانس ایکشن پلان‘ دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے بنایا گیا ضابطہ ہے۔ اس کے تیسرے مرحلے کو گریپ-3 کہا جاتا ہے۔ یہ عام طور پر اس وقت نافذ کیا جاتا ہے، جب دہلی کا اے کیو آئی 401 سے 450 کے درمیان پہنچ جاتا ہے۔ حالانکہ موسم اور فضائی آلودگی کی پیش گوئی کو دیکھتے ہوئے اسے پہلے بھی نافذ کیا جا سکتا ہے۔ اس کا مقصد ہوا کے معیار کو مزید خراب ہونے سے روکنا ہے۔ فی الحال صبح کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہلی-این سی آر کے تینوں اہم شہروں میں ہوا کا معیار خراب ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔